کیا آپ جانتے ہیں ؟

دُنیا کے قدیم پہاڑ کہاں ہیں ؟
سائنس دانوں کا خیال ہے کہ دُنیا کے قدیم ترین پہاڑ ہمارے سمندروں میں ہیں۔ خشکی کے پہاڑوں کی طرح اگرچہ وہ تراش خراش میں نہیں۔ ان کی عمر کروڑوں سال ہے۔ سمندر کی تہہ میں یہ نہایت پُرسکون انداز میں کھڑے ہیں۔ دُنیا کا طویل ترین کوہستانی سلسلہ بحر اوقیانوس میں واقع ہے۔ وہ آئس لینڈ کے عرض البلد سے شروع ہوکر بحر منجمد جنوبی تک چلا گیا ہے۔ اس سلسلے کی اوسط بلندی 7,000 فٹ ہے۔ زیادہ تر چوٹیاں سطح سمندر سے 2,000 فٹ نیچے ہیں۔ زیادہ تر پہاڑ ہماری آنکھوں سے پوشیدہ رہتے ہیں۔ آج سے کئی سال پہلے تک ہم ان کے وجود سے بے خبر تھے۔ جب بحر اٹلانٹک میں کیبل ڈالا گیا اور آواز کے ذریعہ گہرائی معلوم کی گئی تو ان پہاڑیوں کا پتہ چلا۔ بلند ترین بحری پہاڑ ’’کرناکی‘‘ ہے جو جزائر ہوائی کا ایک حصہ ہے۔ وہ سطح سمندر سے13 ہزار 784 فٹ اونچا ہے اور 16 ہزار فٹ سمندر کے اندر ہے۔ تعجب کی بات یہ ہے کہ اس کی کُل بلندی ماؤنٹ ایورسٹ سے 643 فٹ زیادہ ہے۔