کیا آپ جانتے ہیں؟ دنیا بھر میں عام پایا جانے والا پرندہ کون سا ہے ؟

بچو! دنیا میں پرندے تو بے شمار اقسام کے ہیں ان میں کچھ پرندے تو ایسے ہیں جو شہروں میں آزادی سے اُڑتے پھرتے ہیں جیسے طوطے ، چڑیاں ، کبوتر اور چیل ، کوے وغیرہ ۔ ان تمام پرندوں میں کوا وہ واحد پرندہ ہے جو تقریباً ہر ملک اور ہر جگہ موجود ہوتا ہے ۔ اس کے علاوہ کوؤں کی تعداد بھی دوسرے پرندوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے ۔اسی لئے عام طور پر ہر وقت اور ہر جگہ نظر آجاتا ہے ۔ کوؤں کی بے شمار اقسام ہیں لیکن تمام اقسام ایک دوسرے سے بے حد مشابہ ہوتی ہیں ۔ اکثرجو کوے پائے جاتے ہیں وہ Jackday قسم کے ہیں۔ یہ کوؤں کی ایک خاص قسم ہے ۔ یہ کوا گہری سرمئی یا سیاہی مائل رنگت کا حامل ہوتا ہے ۔ جس کی گردن کے پر ہلکے سرمئی ہوتے ہیں ۔ کوؤں کی ایک قسم جنگلی ہوتی ہے ۔ جنگلی کو اجسامت میں عام کوے سے بڑا ہوتا ہے ۔ کوا خاصا عقلمند پرندہ ہے ۔ کہانی ’’ پیاسا کوا ‘‘ آج بھی دنیا بھر میں پڑھی جاتی ہے ۔

علاوہ ازیں یہ طوطے کی طرح آوازوں کی نقالی بھی کرسکتا ہے ۔ مشرقی ایشیاء میں اسے خوش قسمتی کی علامت سمجھا اور گھروں میں پالا جاتا ہے ۔ دیہی علاقوں میں منڈیر پر بیٹھے کوے کی ’’ کائیں کائیں ‘‘ کو مہمان کی آمد کی نشانی سمجھا جاتا ہے ۔ کوا گوشت ، بیج ، انسانوں کی بچی کھچی خوراک اور دیگر چھوٹے پرندوں کے انڈے کھاکر گذارا کرتا ہے ۔ یہ فصلوں خصوصاً چاول کی فصل کو خاصا نقصان پہونچاتا ہے ۔ اس لئے کسان کوؤں وغیرہ کو ڈرانے کیلئے کھیتوں میں ایک پتلا کھڑا کردیتے ہیں ۔ جسے ’’ بھج کاگ ‘‘ Scare Crow کہتے ہیں ۔ کوے کے بعد دنیا میں چڑیاں تعداد میں پائی جاتی ہیں ۔ انہیں سندھی چڑیا Sind Sparrow کہتے ہیں ۔ سندھی چڑیا صوبہ سندھ میں زیادہ پائی جاتی ہیں ۔ اسی لئے انہیں سندھی چڑیا کہا جاتا ہے ۔ سندھ کے علاوہ ایران اور ہندوستان میں بھی عام طور پر پائی جاتی ہیں ۔ یہ عموماً گھاس اور جھاڑیوں میں رہتی ہیں ۔