کھلاڑیوں کے ساتھ بیویوں کو صرف 15 دن رہنے کی اجازت

نئی دہلی ۔ 10مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ 2019 میںشرکت کے لئے انگلینڈ جانے والی ہندوستانی کرکٹ کے کھلاڑی ٹورنمنٹ کے دوران صرف 15 دن ہی اپنی بیویوں اورساتھی کے ساتھ رہ سکیں گے۔ بی سی سی آئی نے ورلڈ کپ کے دوران کھلاڑیوں کو بیویوں کو اپنے ساتھ رکھنے سے متعلق اصول وضوابط واضح کردیئے ہیں۔ بورڈ نے کہا گیا ہے کہ اس ٹورنمنٹ کے پہلے 21 دنوں تک کھلاڑیوں کی بیوی ان کے ساتھ نہیں رہ سکتیں۔ اس کے بعد کھلاڑی اپنی بیوی کے ساتھ رہ سکتے ہیں لیکن ساتھ رہنے کی مدت بھی صرف 15 دنوں کی ہوگی۔ واضح رہے کہ ورلڈکپ 30 مئی کو شروع ہورہا ہے اور 15 جولائی تک یہ ٹورنمنٹ جاری رہے گا۔ ذرائع کے بموجب اگرکوہلی کی بیوی انوشکا شرما ٹورنمنٹ کے آخرتک رکنا چاہتی ہیں تووہ شوہر کے ساتھ ناک آوٹ مقابلوں کے دوران رہے۔ کپتان ویراٹ کوہلی نے ورلڈکپ کے دوران اہلیہ کوساتھ رکھنے کی اجازت طلب کی تھی، لیکن بورڈ نے اس ٹورنمنٹ کے لئے ضابطے میں تبدیلی کردی۔ بورڈ نے کوہلی سے صلاح ومشورہ کے بغیریہ تبدیلی کی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ گزشتہ کچھ بیرون ممالک دوروں میں بی سی سی آئی کوکھلاڑیوں اوران کی افراد خاندان کو سہولیات فراہم کرنے میں کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اسی سال آسٹریلیا کے دورے پرہندوستانی ٹیم کا گروپ 37 ارکان کا ہوگیا تھا اوران کی سہولت فراہم کرنے میں بورڈ کے لئے کافی پریشان کن صورتحال درپیش تھی۔ بی سی سی آئی کے اس ضابطے سے ورلڈ کپ کے آغازمیںکرکٹروں کو افراد خاندان کے بغیررہنا ہوگا۔ علاوہ ازیں ہندوستان اورپاکستان کے میچ میں ہندوستانی کرکٹروں کی شریک حیات موجود نہیں رہیں گی۔واضح رہے کہ بی سی سی آئی نے بیرونی دوروں پرکرکٹروں کی شریک حیات کے ساتھ رہنے کو حالیہ برسوں میں کافی نرم رخ اپنایا ہے۔ اس سے پہلے ہندوستانی بورڈ دوروں پرکھلاڑیوںکی بیوی یا گرل فرینڈ کوساتھ رہنے کی اجازت نہیں دیتا تھا، لیکن گزشتہ کچھ برسوں میں اس ضاطے میں کافی نرمی برتی گئی ہے۔ ورلڈکپ 2019 میں ہندوستان کا پہلا میچ جنوبی افریقہ سے پانچ جون کو ہے۔ انگلینڈ میں ہورہے ورلڈ کپ میں اس مرتبہ جملہ 10 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کے درمیان یہ ٹورنمنٹ تقریباً ڈیڑھ ماہ تک چلے گا۔