کولکتہ نائیٹ رائیڈرس آئی پی ایل 2014 فاتح : فائنل میں پنجاب کو شکست

بنگلور ۔ یکم جون ( سیاست ڈاٹ کام ) شاہ رخ خان کی ٹیم کولکتہ نائیٹ رائیڈرس نے آئی پی ایل 2014 کا خطاب جیت لیا ہے ۔ اس نے فائنل میں جو بنگلور کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا کنگس الیون پنجاب کے خلاف ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ میں تین وکٹس سے شکست دے کر کامیابی حاصل کرلی ۔ کنگس الیون پنجاب کی ٹیم نے اس دلچسپ فائنل مقابلہ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 199 رنز بنائے تھے ۔ کولکتہ نائیٹ رائیڈرس نے 19.3 اوورس میں سات وکٹس کے نقصان پر 200 رنز اسکور کرتے ہوئے یہ مقابلہ اور خطاب جیت لیا ۔ یہ کولکتہ نائیٹ نائیٹ رائیڈرس کی دوسری خطابی کامیابی ہے ۔ کولکتہ کی کامیابی میں منیش پانڈے نے اہم رول ادا کیا ۔ انہوں نے 50 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 94 رنز اسکور کئے ۔ میچ میں پنجاب کی شروعات اچھی نہیں رہی تھی ۔ وریندر سہیواگ 7 رن بنا کر اومیش یادو کی گیند پر گوتم گمبھیر کو کیچ دے بیٹھے ۔

کپتان جارج بیلی تیسرے نمبر پر کھیلنے آئے اور ناکام رہے ۔ انہوں نے صرف ایک رن بنایا اور سنیل نارائن کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ تاہم تیسرے وکٹ کی رفاقت میں منن ووہرہ اور وردھی مان ساہا نے بہترین رفاقت نبھائی اور 129 رنز جوڑے ۔ منن ووہرہ 52 گیندوں میں دو چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 67 رنز بناکر آوٹ ہوئے جبکہ وردھی مان ساہا 55 گیندوں میں 115 رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ انہوں نے بہترین بیٹنگ کی اور ٹیم کو استحکام بخشا ۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 8 چھکے اور دس چوکے لگائے ۔ گلین میکس ویل پہلی ہی گیند پر آوٹ ہوگئے ۔ پیوش چاؤلہ کی گیند پر مورکل نے ان کا کیچ لیا جبکہ ڈیوڈ ملر ایک رن بناکر ناٹ رہے تھے ۔ کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کی جانب سے اومیش یادو اور سنیل نارائن کو ایک ایک وکٹ ملی جبکہ پیوش چاؤلہ نے چار اوورس میں 44 رنز دیتے ہوئے دو وکٹس حاصل کئے تھے ۔

جواب میں کولکتہ کی اننگز کی شروعات بھی اچھی نہیں رہی کیونکہ اوپنر رابن اتھپا صرف پانچ رن بناکر آوٹ ہوگئے ۔ انہوں نے ایک چوکا لگایا تھا اور جانسن کی گیند پر پٹیل کو کیچ دے بیٹھے ۔ اس کے بعد کپتان گمبھیر نے منیش پانڈے کے ساتھ اننگز کو کچھ حد تک سنبھالا ۔ انہوں نے 17 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 23 رن بنائے تاہم کرن ویر کی گیند پر ملر نے ان کا کیچ لیا ۔ اس کے بعد یوسف پٹھان نے تیز رفتار بیٹنگ کی اور 22 گیندوں میں چار چھکوں کی مدد سے انہوں نے 36 رن بنائے تاہم کرن ویر کی گیند پر میکس ویل نے ان کا کیچ لیا ۔ منیش پانڈے بھی 50 گیندوںمیں چھ چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 94 رن بناکر کرن ویر سنگھ کی گیند پر جارج بیلی کو کیچ دے بیٹھے ۔ ٹن ڈسچٹ نے چار رن بنائے اور انہیں بھی کرن ویر سنگھ نے آوٹ کیا ۔ پیوش چاؤلہ پانچ گیندوں میں ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 13 رن اور سنیل نارائن 2 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔

ایک موقع پر جلدی جلدی وکٹ گرجانے کے نتیجہ میں کولکتہ کیلئے کامیابی حاصل کرنا آسان نظر نہیں آ رہا تھا تاہم اس کے بلے بازوں نے آخری وقت تک اپنے حواس قابو میں رکھے اور نشانہ عبور کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ۔ پنجاب کی فیلڈنگ بہت اچھی رہی اور اس وجہ سے بھی کچھ روکے گئے تھے ۔ پنجاب کی جانب سے کرن ویر سنگھ سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 4 اوورس میں 54 رن دے کر چار وکٹس حاصل کئے جبکہ مچل جانسن نے چار اوورس میں 41 رن دے کر دو وکٹس حاصل کئے ۔ دوسرے بولرس اثر انداز نہیں ہوسکے ۔ میدان میں جیسے ہی کولکتہ نائیٹ رائیڈرس نے کامیابی کیلئے درکار رنز بنالئے ان کے تمام ساتھی میدان کی جانب دوڑ پڑے اور ایک دوسرے سے بغلگیر ہوگئے اور مسرت کا اظہار کیا ۔ کولکتہ کے شاہ رخ خان اور پنجاب کی پریتی زنٹا اسٹیڈیم میں موجود تھیں۔