کوداڑ میں آج راہول گاندھی کے خطاب سے ختم ہوگی کانگریس کی انتخابی مہم

کوداڑ ۔ 4دسمبر: کوداڑ میں اسمبلی انتخابات کے آج آخری جلسہ عام کے وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ صدر کانگریس راہول گاندھی مہم کے آخری دن ضلع سوریاپیٹ کے کوداڑ میں چہارشنبہ5ڈسمبر کو 2بجے دن اتم پدماوتی نگر گراونڈ پر جلسہ کو مخاطب کریں گے۔

اس جلسہ عام میں توقع ہے حلقہ جات اسمبلی حضورنگر اور کوداڑ سے لاکھوں کی تعداد میں عوام شرکت کریں گے ۔ تحلیل شدہ اسمبلی میں ان حلقوں کی نمائندگی صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی اور ان کی اہلیہ پدماوتی ریڈی کرتی ہیں. چیف منسٹر آندھراپردیش اور صدر تلگودیشم پارٹی این چندرابابو نائیڈو‘ صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر ایم کودنڈا رام‘ انقلابی شاعر غدر‘ صدر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی ایل رمنا‘ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری سی وینکٹ ریڈی‘ مادیگا ریزرویشن پوراٹا سمیتی کے سربراہ ایم کرشنا مادیگا اور عوامی محاذ کے دوسرے قائدین جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔

راہول گاندھی وجے واڑہ سے کوداڑ پہنچیں گے۔ اتم کمار ریڈی نے منگل کو شام میں جلسہ عام کے مقام کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ چہارشنبہ کا جلسہ عام کئی حیثیتوں سے منفرد ہوگا۔جہاں راہول گاندھی اپنے خصوصی خطاب کے ذریعہ پارٹی کی انتخابی مہم کا اختتام کریں گے۔

 

تم کمارریڈی نے کہا کہ کانگریس ‘ تلگودیشم پارٹی ‘ تلنگانہ جنا سمیتی اور سی پی آئی پر مشتمل عوامی محاذ آئندہ انتخابات میں اقتدار پر آئے گااور اس میں کسی بھی شک و شبہ کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہو ںنے کہا کہ چندرشیکھرراو نے آمرانہ اور تکبرانہ انداز میں تلنگانہ پر حکمرانی کی اور انہو ںنے اپنے افراد خاندان کے سوا دوسروں کو کوئی اہمیت نہیں دی۔ انہو ںنے کہا کہ یہ خوش قسمتی کی بات ہے کہ تلنگانہ کے عوام کو شیڈول سے 6ماہ قبل ہی کے سی آر کی حکمرانی سے نجات مل رہی ہے۔تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ اس حقیقت سے واقفیت کے باوجود کہ ایک ہفتہ سے کم عرصہ میں ٹی آر ایس کی حکمرانی ختم ہونے والی ہے ‘ چندرشیکھرراؤ نے پولیس کا غلط استعمال کرتے ہوئے کانگریس قائدین کو نشانہ بنانا نہیں چھوڑا۔

انہوں نے تلنگانہ کانگریس کارگزار صدر ریونت ریڈی کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیا اور کہا کہ انہیں کل رات 3بجے حراست میں لیا گیا جو انتہائی قابل مذمت ہے