کنہیا کمار کو کامیاب بنائیں: پروفیسر اختر الواسع کی اپیل

نئی دہلی’ 28اپریل (یو این آئی) معروف دانشور’ اسلامی اسکالر پدم شری پروفیسر اختر الواسع نے بہار کے بیگو سرائے کے عوام سے کنہیا کمار کو ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس نوجوان رہنما نے جس جرأت’ ہمت اور جواں مردی کے ساتھ سیکولر جمہوریت اور سماجی انصاف کے لئے لڑائی کی ہے اسے دیکھتے ہوئے یہ ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے کہ خواہ ہمارا مذہب کوئی ہو’ ذات کچھ بھی ہو اور کسی سے بھی نظریاتی وابستگی ہوہمیں کنہیا کمار کو ووٹ دینا چاہئے ۔انہوں نے تمام ووٹروں سے اپیل کی کہ جولوگ ملک کو نوجوانوں کا ملک سمجھتے ہیں اور چونکہ ہمارا مستقبل ہی نہیں حال بھی نو جوان ہے اس لئے ہمیں ایک نوجوان رہنما کو منتخب کرکے پارلیمنٹ میں بھیجنا چاہئے ۔پروفیسر اختر الواسع نے مزید کہا کہ کنہیا کمار اور اس کے ساتھیوں کو جس طرح سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے اور اس نے ان تمام صورت حال کا جس طرح جرأت سے مقابلہ کیا ہے اس میں سب سے بہتر تو یہ ہوتا کہ تمام سیاسی جماعتیں مل کر کنہیا کمار پر اعتماد کرتیں اور اسے اپنا مشترکہ امیدوار بناتیں لیکن جو کام سیاسی پارٹیاں نہیں کرسکی ہیں اسے اب ہمارے عوام کو کرنا چاہئے اور کنہیا کمار کو ووٹ دے کر کامیاب بنا نا چاہئے ۔