کم لباس خاتون ریسلرس کو دکھائے جانے پر سعودی حکام کی معافی

l خاتون ریسلر کی نیم عریاں تصاویر
l انڈر ٹیکر ،جان سینااوردیگر انٹرنیشنل ریسلرز کی شرکت
l سعودی عرب اور WWEمیں 10 سال کا معاہدہ
lملک کے مختلف شہروں میں عالمی مقابلے ہوں گے

جدہ ۔29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں براہ راست ریسلنگ مقابلوں کے دوران خواتین ریسلرزکے نامناسب مناظر دکھائے جانے پرکھیلوں کے حکام نے عوام سے معافی مانگی ہے ۔جدہ میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے اشتراک سے منعقد کئے جانے والے گریٹسٹ رائل رمبل میں گوکہ خواتین ریسلرز شامل نہیں تھیں لیکن دوران مقابلہ انہیں بڑی اسکرینوں پر تشہیری مہم کے تحت دکھادیاگیا، یہ مناظرسرکاری ٹی وی کے علاوہ سعودی عرب کے دیگر ٹی وی چیانلس پر بھی دیکھے گئے تھے۔ریسلنگ پر پابندی کے خاتمے کے باوجود سعودی عرب میں خواتین کے مقابلے ممنوع ہیں۔ اس ایونٹ کو دیکھنے کیلئے 60 ہزار شائقین میں خواتین اور بچے بھی موجود تھے جس کے باعث نامناسب مناظر نشر ہوجانے پرسرکاری ٹی وی نے انہیں فوری روکا لیکن تب تک سرکاری ٹی وی چیانلس پر یہ دیکھے جا چکے تھے جبکہ عوام نے موبائل فونس سے تصاویر لیکر انہیں سوشیل میڈیا پر بھی شیئر کردیا تھا جس پر خوب تنقید ہوئی۔کھیلوں کے حکام نے اس حوالے سے معافی چاہی ہے۔ایونٹ میں مشہور ریسلرز جان سینا، انڈر ٹیکر سمیت دیگر انٹرنیشنل ریسلرز نے شرکت کی۔واضح رہے کہ سعودی عرب کے ڈبلیو ڈبلیو ای کیساتھ کیے جانے والے 10 سالہ معاہدہ کے تحت مختلف شہروں میں ریسلنگ کے عالمی مقابلے منعقد کیے جائیں گے جن میں عالمی شہرت یافتہ ریسلرز شریک ہوں گے۔