کشمیر میں پاکستان کی جنگ بندی خلاف ورزیاں

کتھوا ، سامبا اور جموں میں چھوٹے ہتھیاروں اور مارٹر شیلس برسائے گئے
جموں ۔ /30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی رینجرس نے بی ایس ایف چوکیوں اور سیویلین علاقوں پر چھوٹے اسلحہ اور مارٹر شیلس برسائے ۔ کل رات بھی عالمی سرحد پر واقع اضلاع جموں ، کتھوا اور سامبا میں فائرنگ ہوتے رہی ۔ پاکستان کی فوج کی یہ مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں سے ایک ہے ۔ بی ایس ایف کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ پاکستانی رینجرس نے سامبا ، کتھرا اور ضلع جموں میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے ۔ پاکستان کی جانب سے فائرنگ رات 9 بجکر 15 منٹ سے شروع ہوئی ۔ آر ایس پورہ سیکٹر میں یہ فائرنگ صبح 3 بجے تک جاری رہی ۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل بی ایس ایف جموں سرحد دھرمیندر پاریک نے آج کہا کہ چھوٹے ہتھیاروں اور مارٹرس شیلس کے ذریعہ ان علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ۔ اگرچیکہ یہ حملے زیادہ شدید نہیں تھے ۔ بی ایس ایف نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کی ۔ انہوں نے کہا کہ رات 2 بجے پاکستان نے ہیرانگر اور سامبا سیکٹرس میں وقفہ وقفہ سے فائرنگ شروع کی اور صبح 6 بجے تک جاری رہی ۔ بی ایس ایف نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی رینجرس کو چپ کروایا ۔ یہ فائرنگ صبح 8 بجکر 20 منٹ پر روک دی گئی ۔ بی ایس ایف نے کہا کہ فائرنگ اور شلباری میں استعمال کردہ ہتھیاروں سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستان کی فوج نے ہی پاکستانی رینجرس کی عالمی سرحد پر حمایت کی ہے ۔ /25 اکٹوبر کو کم از کم 2 یا 3 پاکستانی فوجی جوان ہلاک ہوئے تھے ۔ ضلع راجوری کے نوشیرہ سیکٹر میں ہندوستانی فوج نے جوابی فائرنگ کی تو اس میں پاکستان کے سپاہی مارے گئے تھے ۔ پاک مقبوضہ کشمیر میں دہشت گرد ٹھکانوں پر ہندوستانی فوج کی سرجیکل اسٹرائیک کے بعد سے پاکستان نے جنگ بندی کی 60 مرتبہ خلاف ورزیاں کی ہیں ۔