کرینہ کپور خان 36ویں سال میں داخل،دوہری خوشی کیلئے تیار

ممبئی۔ 21 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ کی صف اول کی اداکارہ کرینہ کپورخان 36برس کی ہوگئیں،وہ 21ستمبر 1980کو ممبئی میں بالی ووڈ کے نامور کپور خاندان میں پیدا ہوئیں۔16اکتوبر 2012ء کو پٹودی کے نواب اور بالی ووڈ اداکار سیف علی خان کیساتھ ازداوجی بندھن میں منسلک ہونے والی کرینہ کپور خان عرف’’ بیبو‘‘جہاں ایک جانب اپنی سالگرہ منارہی ہیں، وہیں اْن کی شادی کی سالگرہ اور ننھے مہمان کی آمد کی تیاریاں بھی زور و شور سے جاری ہیں۔کرینہ کپور خان نے بالی ووڈ میں اپنا پہلا قدم 2000ء میں فلم ’رفیوجی‘ کے ذریعہ رکھا، جس میں ان کی کارکردگی کو ناقدین نے خوب سراہا۔2001میں فلم ’مجھے کچھ کہنا ہے‘ سے باکس آفس پر بے پناہ کامیابی سمیٹنے والی کرینہ نے اجنبی، اشوکا، کبھی خوشی کبھی غم، چمیلی، دیو، اومکارا، جب وی میٹ، گول مال، تھری ایڈیٹس، باڈی گارڈ، را ون اورہیروئن سمیت مختلف فلموں میں بہترین اداکاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی ایوارڈز اپنے نام کیے۔سلمان خان کی فلم ’’دبنگ 2 ‘‘کیلئے کرینہ کپور خان کے آئٹم سونگ ’فیویکول سے‘ نے جہاں انہیں گزشتہ سال بہترین آئٹم سونگ اور بہترین آئٹم گرل کا خطاب دلوایا وہیں اْن کی پولیٹیکل تھرلر فلم ’’ستیہ گرہ ‘‘نے بھی باکس آفس پر شاندار برنس کیا۔