کرناٹک کونسل انتخابات میں کانگریس کا شاندار مظاہرہ

بنگلورو ۔ 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک قانون ساز کونسل انتخابات میں کانگریس نے 25 کے منجملہ 13 نشستوں پر کامیابی حاصل کی اور بی جے پی و جنتادل (ایس) کو پیچھے چھوڑ دیا۔ لوکل اتھاریٹی حلقوں کیلئے یہ انتخابات منعقد ہوئے جن میں بی جے پی نے 6، جنتادل (ایس) نے 4 اور دیگر نے دو پر کامیابی حاصل کی۔ یہ انتخابی نتائج حکمراں کانگریس اور بالخصوص چیف منسٹر سدارامیا کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ 75 رکنی کونسل میں کانگریس کے ارکان کی تعداد بھی اب بڑھ کر 28 ہوگئی ہے۔ بعض اہم مسائل پر کانگریس کو کافی مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔ کونسل میں اسے اہم امور پر بی جے پی یا جنتادل (ایس) کی تائید حاصل کرنا ضروری لگ رہا تھا اور بسا اوقات وہ الجھن کا شکار ہوجارہی تھی۔ اس وقت کونسل میں بی جے پی ارکان کی تعداد 30، جنتادل (ایس) 11، آزاد 4 ہیں۔ 25 نشستوں کیلئے جملہ 125 امیدوار مقابلہ میں شریک تھے، جن میں 117 مرد اور 8 خواتین ہیں۔ بی جے پی کو شیوا موگا میں دھکا پہنچا جو پارٹی کی طاقتور شخصیت اور سابق چیف منسٹر بی ایس یدی یورپا کا گڑھ تصور کیا جاتا ہے۔ اسی طرح جنتادل (ایس) کو ہاسن میں شکست اٹھانی پڑی جو پارٹی سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڑا کا آبائی ٹاؤن ہے۔ تاہم بی جے پی نے پارلیمنٹ میں کانگریس لیڈر ملک ارجن کھرگے کے آبائی ٹاؤن کلبرگی میں کانگریس امیدوار کو شکست دی۔ نتائج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سدارامیا نے کہاکہ پارٹی کارکنوں اور قائدین کی مشترکہ جدوجہد رنگ لائی۔