کرناٹک میں وزیراعظم کی انتخابی مہم کا آغاز‘ کانگریس پر تنقید

کاغذ کے بغیر 15 منٹ تقریر کردکھائیں ‘ راہول گاندھی کو چیلنج،یدی یورپا چیف منسٹر ہوں گے، مودی کا دعویٰ

نئی دہلی ۔ یکم مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے کانگریس کے صدر راہول گاندھی کو آج متعدد مرتبہ طنز و تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں نامدار قرار دیا اور کاغذ ( درج شدہ متن ) کاغذ کے بغیر کسی بھی زبان میں 15منٹ تقریر کر دکھانے کا چیلنج کیا ۔ وزیراعظم مودی ‘ اگرچہ براہ راست راہول گاندھی کا نام نہیں لیا لیکن اشارے واصح تھے ۔ مودی نے انتخابات کا سامنا کرنے والی ریاست کرناٹک میں مقررہ متعدد ریالیوں میں پہلی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کئی محاذوں پر کانگریس کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب کے ابتداء سے گاندھی پر کئی طنز کئے ۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران کئی مرتبہ کہا کہ ’’ کانگریس کے صدر نامدار ہیں چنانچہ وہ کس طرح کامداروں کی مساعی سے واقف ہوسکتے ہیں ‘‘ ۔ انہوں نے ایک اور طنز میں کہا کہ ’’ ہم کامدار ہیں ‘ ہماری اوقات ہی کیا ہے کہ ہم کانگریس کے صدر جیسے افراد کے ساتھ بیٹھ سکیں ‘‘ ۔ ملک کے تمام دیہاتوں کو برقی پہنچانے بی جے پی حکومت کی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے بھی انہوں نے کانگریس کے صدر کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ’’ غالباً ضرورت سے زیادہ جوش و خروش کے نتیجہ میں وہ آداب و شائستگی بھول گئے ہیں ۔ حتی کہ وہ سخت محنت کرنے والے ان مزدوروں کو مبارکباد دینا بھی یاد نہیں رہا جن ( مزدوروں) کی بدولت ہندوستان کے دیہاتوں کو برقی پہنچ رہی ہے ‘‘ ۔ مودی نے کانگریس کے صدر کو ان کے ساتھ بحث اور خطاب کرنے کا چیلنج کیا ۔ راہول گاندھی نے قبل ازیں کہا تھا کہ مختلف مسائل پر وہ پارلیمنٹ میں 15منٹ خطاب کرنا چاہتے ہیں لیکن انہیں پورا یقین ہے کہ مودی زیادہ دیر تک اپنی نشست پر بیٹھ نہیں پائیں گے ۔ اس کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ ’’ میں آپ ( راہول گاندھی کو ) چیلنج کرتا ہوں کہ آپ کاغذ ( پر تحریر شدہ متن ) کے بغیر کرناٹک میں آپ کی حکومت کے کارناموں کے بارے میں خطاب کر دکھائیں ۔ مودی نے راہول کے قبل ازیں کئے گئے چیلنج کیا تھا کہ اگر وہ 15منٹ بات کریں گے تو میں ان کے سامنے 15منٹ بھی کھڑا نہیں رہ سکوں گا ۔ جی ہاں آپ صحیح ہیں ۔ آپ نامدار ہیں اور ہم کامداروں کو حتی کہ آپ کے سامنے بیٹھنے کا بھی کیا حق بنتا ہے ‘‘ ۔ مودی نے راہول کو ان کے ساتھ بحث کا چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ ’’ آپ اپنے ہاتھ میں کاغذ تھامے بغیر 15منٹ تقریر کر دکھائیں ۔ برائے مہربانی کیا آپ کرناٹک میں آپ کی حکومت کے کارناموں کے بارے میں بات کرسکتے ہیں ۔ انگریزی ‘ ہندی ‘ اطالوی کسی بھی زبان میں آپ بات کرسکتے ہیں جو آپ کو پسند ہیں ۔ وزیراعظم نے یہ کہتے ہوئے اپنی تقریر کا آغاز کیا ۔