کرتارپور راہداری امن کا نقیب ، ہند۔ پاک دشمنی ختم ہوگی

عمران خان کا تین ماہ قبل بویا ہوا بیج پودا بن گیا، نوجوت سنگھ سدھو کے تاثرات

لاہور ۔ 27 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کرتارپور کو لامتناہی امکانات اور پالیسیوں کی راہداری قرار دیتے ہوئے ہندوستانی پنجاب کے کابینی وزیر نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ اس راہداری سے امن کو فروغ حاصل ہوگا اور ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دشمنی کا خاتمہ ہوجائے گا۔ لاہور سے 120 کیلو میٹر دور نرووال میں کرتارپور راہداری کیلئے زمین تیار کرنے کی تقریب میں شرکت کیلئے سدھو ہندوستانی صحافیوں کے ایک گروپ کے ساتھ یہاں پہنچے ہیں۔ ان کا استقبال واگھا سرحد پر پاکستانی صوبہ پنجاب کے عہدیداروں نے کیا۔ چار میٹر طویل راہداری ڈیرہ بابا نانک ہندوستان ضلع گرداس پور کو گردوارہ کرتار صاحب نرووال پاکستان سے مربوط کرے گی۔ یہ راہداری بغیر ویزا کے سکھ یاتریوں کیلئے گردوارہ تک رسائی فراہم کرتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان زمین تیار کرنے کی رسم انجام دیں گے۔ سدھو نے عمران خان کا اس راہداری کو ممکن بنانے کیلئے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ راہداری دونوں ممالک کے درمیان امن کو فروغ دینے میں مدد کرے گی۔ دونوں ممالک کے درمیان دشمنی کا خاتمہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے تین ماہ قبل جو بیج بویا تھا وہ آج پودا بن گیا ہے۔ سکھ برادری کیلئے آج کا دن ایک خوشی کا لمحہ ہے کہ راہداری کرتار پور تک پہنچنے کا راستہ بن گئی ہے۔ بابا گرو نانک کے آشیرواد سے اس میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اس راہداری کی کشادگی کے بعد 73 سال کا انتظار ختم ہوگیا۔ کرتار پور راہداری امن کا راستہ ثابت ہوگی۔ سدھو نے اس راہداری کو لامتناہی امکانات کی راہداری قرار دیا اور کہاکہ ایسے اقدامات کے ذریعہ دونوں ممالک کے درمیان امن کا فروغ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے شمار فنکار اور کرکٹ کھلاڑی جن کا تعلق دونوں ممالک سے ہے، اس اقدام سے محبت کرتا ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کرکٹ کے میچ ضروری ہیں۔ اس سوال پر کہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کے احیاء کے بارے میں ان کا کیا خیال ہے، انہوں نے مذکورہ بالا جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے مداحوں میں کئی نامور شخصیتیں شامل ہیں جیسے وسیم اکرم اور جاوید میاں داد ۔ ہندوستان میں شاہ رخ خان اور سلمان خان جیسے اسٹارس بھی عمران خان کوچاہنے والے ہیں۔