کجریوال کو آج خط اعتماد کا سامنا

دہلی اسمبلی کا پہلا سیشن شروع ۔ تمام ارکان کی حلف برداری کی تکمیل
نئی دہلی۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کو ایوان اسمبلی میں کل جمعرات 2 جنوری کو اہم ترین خط اعتماد کا سامنا ہے۔ انہیں کانگریس کی تائید حاصل ہے لیکن اس اقلیتی حکومت کی بقاء کے تعلق سے غیریقینی کیفیت پائی جاتی ہے۔ دہلی اسمبلی کے آج پہلے سیشن میں تمام ارکان بشمول چیف منسٹر اور دیگر وزراء کی حلف برداری کی رسمی کارروائی پوری کی گئی ۔ سینئر کانگریس رکن متین احمد نے عبوری اسپیکر کے فرائض انجام دیئے۔ نئی حکومت کل اعتماد کا ووٹ حاصل کرلینے کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب جمعہ 3 جنوری کو منعقد کیا جائے گا۔ کل تحریک اعتماد پر رائے دہی سے قبل کانگریس نے یہ واضح کردیا ہے کہ وہ عام آدمی پارٹی حکومت کو تائید برقرار رکھے گی اور اس فیصلہ پر نظر ثانی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ دہلی پردیش کانگریس کمیٹی صدر اروندر سنگھ لولی نے بتایا کہ ہم نے عام آدمی پارٹی حکومت کی باہر سے تائید کا فیصلہ کیا ہے اور ہم اس فیصلہ پر نظر ثانی نہیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے فیصلہ پر قائم ہیں اور حکومت کو باہر سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ عام آدمی پارٹی کے 28 ارکان اسمبلی ہیں اور اسے 70 رکنی ایوان میں اکثریت ثابت کرنے مزید کم از کم 8 ارکان کی تائید درکار ہے۔

الیکشن کمیشن سے کانگریس کی نمائندگی
نئی دہلی ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج الیکشن کمیشن سے تین ریاستوں میں انتخابی فہرستوں کی اصلاح کیلئے نمائندگی کرتے ہوئے حوالہ دیا کہ آندھراپردیش میں لگ بھگ 31 لاکھ، دہلی اور کرناٹک میں فی کس 11 لاکھ ووٹروں کے ناموں اور ای پی آئی سی نمبروں کا اعادہ پایا جاتا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر وی ایس سمپت کو موسومہ تین صفحات کے مکتوب میں کانگریس سکریٹری اور انچارج لیگل اینڈ ہیومن رائٹس ڈپارٹمنٹ کے سی متل نے ان سے اپیل کی کہ آئندہ عام انتخابات سے قبل انتخابی فہرستوں میں غلطیوں کی اصلاح کرلی جائے۔