کجریوال حکومت نے اعتماد کا ووٹ جیت لیا

نئی دہلی ۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اقلیتی عام آدمی پارٹی حکومت نے آج دہلی اسمبلی میں پہلی آزمائش میں کامیابی حاصل کرلی جب اس کی تحریک اعتماد کانگریس ،جے ڈی( یو)کے ارکان کے علاوہ ایک آزاد رکن کی تائید کے ساتھ بہ آسانی کامیاب ہوگئی ۔ وزیر پی ڈبلیو ڈی منیش سیسوڈیا کی پیش کردہ تحریک کو ساڑھے چار گھنٹے مباحث کے بعد سامنے لایا گیا جبکہ مباحث کے اختتام پر چیف منسٹر ارویند کجریوال نے تمام ارکان سے یہ فیصلہ کرنے کی اپیل کی کہ ’’وہ کس کی حمایت پر ہیں‘‘۔ چیف منسٹر نے اپنی 25 منٹ کی تقریر میں کہا ،’’میں تین مسائل رکھنا چاہتا ہوں ۔ دہلی کے عام آدمی نے ملک کو یہ بتانے میں سبقت لی ہیں کہ قومی سیاست کو کس سمت جانا چاہئے ۔انہیں یہ بھی فیصلہ کرنا چاہئے کہ وہ سیاست میں سچائی اور دیانتداری کے درمیان لڑائی میں کس طرح ہیں اور آیا وہ اس میں حصہ لینا چاہتے ہیں‘‘۔ کسی بھی بد عنوان شخص کے خلاف سخت کارروائی کا وعدہ کرتے ہوئے چاہے

وہ سابقہ کانگریس حکومت کا ہو یا بی جے پی اور ان کی حکومت کے زیر کنٹرول ایم سی ڈیز میں کیوں نہ ہو ، کجریوال نے کہا کہ وہ ارکان کی تائید اپنی پارٹی یا حکومت کیلئے نہیں بلکہ دہلی کو درپیش مسائل کیلئے طلب کررہے ہیں۔ مباحث کے اختتام پر عبوری اسپیکر متین احمد نے تحریک اعتماد کے تائیدی ارکان سے کھڑے ہوجانے کی اپیل کی اور پھر اس کے مخالفین سے بھی اپیل کی گئی ۔ بعدازاں انہوں نے اس تحریک کی منظوری کا اعلان کیا اور چیف منسٹر کو مبارکباد پیش کی اورپھرایوان کو ملتوی کردیا گیا۔ 28 عام آدمی پارٹی ارکان کے ساتھ کانگریس کے 7، واحد جے ڈی (یو )ممبر اور ایک آزاد رکن تائید میں کھڑے ہوئے جبکہ بی جے پی کے 31 ارکان اور اس کی حلیف اکالی دل کے ایک رکن نے مخالفت کی ۔ دہلی کانگریس سربراہ ارویندر سنگھ لوولی نے کہا کہ ان کی پارٹی حکومت کی تائید 5 سال بھی کرسکتی ہے بشرطیکہ وہ عوام کے مفاد میں کام کرے۔