کانگریس پلینری سیشن کیلئے تنظیمی کمیٹی کا قیام

۔16 مارچ تا 18 مارچ سیشن کی تیاریاں جاری ، راہول گاندھی کا بیان
نئی دہلی ۔ 28 فبروری ۔( سیاست ڈاٹ کام ) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج ایک تنظیمی کمیٹی قائم کی ہے جس کے ذریعہ کانگریس پلینری سیشن میں پارٹی کے لائحہ عمل کو قطعیت دی جائے گی ۔ مسودہ کو قطعیت دینے کیلئے بھی ایک کمیٹی بنائی گئی ہے جس کے چار ذیلی گروپ ہوں گے ۔ پارٹی کے 16تا 18مارچ منعقد ہونے والے پلینری سیشن کیلئے دستوری ترمیم کمیٹی بھی بنائی گئی ہے ۔ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ مسودہ ساز کمیٹی کے چیرمین ہوں گے ۔ مکل واسنک کو کنوینر بنایا گیا ہے ۔ اے آئی سی سی خازن موتی لال ووہرا تنظیمی کمیٹی کے چیرمین ہوں گے ۔ پارٹی جنرل سکریٹری آسکر فرنانڈیز کنوینر رہیں گے ۔ کانگریس پارٹی کے ترجمان نے یہ بات بتائی ۔ دستوری ترمیمی کمیٹی کے لئے پارٹی کے سینئر قائدین کے نام تجویز کئے گئے ہیں۔ ان میں غلام نبی آزاد ، جناردھن دیویدی بھی شامل ہوں گے ۔ غلام نبی آزاد کمیٹی کے چیرمین اور دیویدی کنوینر رہیں گے ۔اس کمیٹی کے دیگر دس اراکین میں احمد پٹیل ، پی چدمبرم، ملک ارجن کھرگے اور کپل سبل کے بشمول دیگر کئی سینئر قائدین بھی ہوں گے ۔ مسودہ ساز کمیٹی کے 44 ارکان ہوں گے جس کے چار ذیلی گروپ بھی ہوں گے ۔سیاسی اُمور ، معاشی اُمور ، عالمی اُمور اور زرعی و روزگار کے اُمور کا جائزہ لینے کے لئے یہ چار گروپ کام کریں گے ۔ اے کے انتونی سیاسی اُمور کے لئے بنائے گئے ذیلی گروپ کے چیرمین ہوں گے ۔

چدمبرم کی قیادت میں معاشی اُمور کی سب کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں جئے رام رمیش بھی شامل ہوں گے ۔ آنند شرما کو عالمی اُمور کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے ، ذیلی گروپ میں جیوترادتیہ سندھیا اس کے کنوینر ہوں گے ۔ سابق چیف منسٹر ہریانہ بھوپندر سنگھ ہوڈا چیرمین ہوں گے ، زراعت ، روزگار اور غربت کے خاتمہ کے اُمور کا جائزہ لینے والے ذیلی گروپ کے چیرمین ہوں گے ۔ ان کے ساتھ میناکشی نٹراجن کنوینر کی حیثیت سے کام کریں گی ۔ کانگریس قیادت نے اس پلینری سیشن کے دوران پارٹی قائدین کی ذہن سازی کرتے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل کو قطعیت دے گی۔ سال 2019 ء کے عام انتخابات سے قبل پارٹی کی جانب سے حکمت عملی تیار کی جائے گی اور بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کرنے کیلئے اپنی کوششوں کو موثر بنایا جائے گا ۔ کانگریس پارٹی نے آنے والے انتخابات کیلئے خاص کر اہم ریاستوں جیسے کرناٹک ، مدھیہ پردیش ، راجستھان اور چھتیس گڑھ انتخابات کے لئے بھی حکمت عملی تیار کی ہے ۔