کانگریس و حلیفوں کو 3 مرحلوں میں این ڈی اے پر سبقت

بی جے پی کو بھاری نقصان ہوگا ، مودی دن میں بھی خواب دیکھ رہے ہیں ، چدمبرم کا بیان
ممبئی ۔ 27 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : کانگریس کے سینئیر لیڈر پی چدمبرم نے آج دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی اور حلیفوں کو لوک سبھا انتخابات کے پہلے تیسرے مرحلہ کے اختتام پر بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے پر غیرمعمولی سبقت حاصل ہورہی ہے ۔ ان 3 مرحلوں میں 303 لوک سبھا حلقوں میں رائے دہی ہوئی ہے ۔ سابق وزیر فینانس کے یہ ریمارک ایک دن بعد سامنے آئے ہیں کل ہی وزیراعظم نریندر مودی نے ممبئی میں دعویٰ کیا کہ کانگریس کو جاریہ لوک سبھا انتخابات میں 50 نشستیں بھی نہیں ملیں گی ۔ یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چدمبرم نے کہا کہ میں لوک سبھا انتخابات کے ابتدائی 3 مرحلوں کی پولنگ کے بعد یہ قیاس آرائی کرتا ہوں کہ کانگریس اور حلیف پارٹیوں کو بی جے پی پر سبقت حاصل ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس بھی بی جے پی کی سطح پر آگئی ہے ۔ اس کا مطلب کانگریس نے غیر معمولی پیشرفت کی ہے اور بی جے پی کا بھاری نقصان ہوا ہے ۔ اتحادی پارٹیوں کا جہاں تک خیال ہے اور اس کی حلیف پارٹیوں کو بھی جے پی اور اس کی حلیف پارٹیوں پر سبقت حاصل ہے ۔ اب کانگریس کا اصل مقصد اقتدار حاصل کرنا ہے ۔ جب ان سے کانگریس کے تعلق سے مودی کے ان ریمارکس کے بارے میں پوچھا گیا کہ کانگریس کو لوک سبھا انتخابات میں 50 نشستیں بھی نہیں ملیں گی تو چدمبرم نے جواب دیا کہ مودی خواب دیکھ رہے ہیں نہ صرف سوت میں خواب دیکھ رہے ہیں بلکہ وہ جاگتے ہوئے بھی خواب دیکھتے ہیں ۔ مہاراشٹرا کے راجیہ سبھا رکن چدمبرم نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران بی جے پی قائدین نے قومی سلامتی کا مسئلہ اٹھایا ہے ۔ اور نقلی قوم پرستی کا جھوٹا پروپگنڈہ شروع کیا ہے جبکہ انہیں معلوم ہونا چاہئے 1947 ، 1965 اور 1971 میں پاکستان کے خلاف کس نے 3 جنگیں جیتی ہیں ۔ ہندوستان اس لیے محفوظ ہے کیوں کہ اس کے پاس ایک ماہر پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی حامل فوج، بحریہ اور فضائیہ ہے ۔ کسی فرد واحد کی وجہ سے ملک محفوظ نہیں ہے جو 56 انچ کا سینہ رکھنے کا دعویٰ کرتا ہے ۔