کانگریس قائدین کی غربت ختم : نتن گڈکری

پاناجی ۔ 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے سینئر قائد نتن گڈکری نے آج کہا کہ نہرو ۔ گاندھی خاندان کی چوتھی نسل نے ملک سے غربت کا صفایا کردینے کا تیقن دیا ہے۔ انہوں نے گوا میں اسمبلی حلقہ مین ریم میں بی جے پی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صرف کانگریس قائدین کو کانگریس دوراقتدار میں ترقی ملی اور ان کی غربت ختم ہوگئی۔ مین ریم میں 23 اپریل کو ضمنی انتخابات کیلئے رائے دہی مقرر ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ملک کے اولین وزیراعظم پنڈت نہرو نے غربت کے صفائے کے نعرے پر انتخابات میں حصہ لیا تھا لیکن لوگ غریب رہے۔ بعدازاں اندرا گاندھی نے بھی اسی نعرے پر انتخابات لڑے۔ راجیو گاندھی اور سونیا گاندھی اسی نعرے کی بنیاد پر علی الترتیب بحیثیت صدر کانگریس برسراقتدار آئیں۔ آج یہی نعرہ دہرایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہرو کے پڑپوتے غریبی ہٹاؤ کا نعرہ دہرا رہے ہیں۔ کانگریس ملک پر حکومت کرنے کے باوجود غریبی کا صفایا کیوں نہیں کرسکی۔ صرف کانگریس قائدین کی غربت دور ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے عوام کو غریب رکھا۔ اس کی معاشی پالیسیاں بے بصیرت اور کرپٹ حکمرانی کی نذر ہوگئیں۔