کانگریس قائدین جھوٹ کے غبارے

بیجاپور۔30مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کے ’’غبارے ‘‘ والے ریمارک پر جوابی تنقید کرتے ہوئے نریندر مودی نے آج کہا کہ کانگریس کے نائب صدر کو گجرات پر تنقید کرنے کے بجائے قوم کی جانب توجہ دی جانی چاہیئے ۔ان کی والدہ سونیا گاندھی نے ہی میری ریاست کو نمبر ایک قرار دیا ہے ۔ اگر آپ سونچتے ہو کہ گجرات کی ترقی ایک غبارہ ہے تو میں تم سے یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ ’کیا تم اپنی ماں پر بھروسہ کرتے ہو؟ ‘ راجیو گاندھی فاؤنڈیشن جن کی چیرپرسن خود تمہارا ماں ہیں‘اسی فاؤنڈیشن نے گجرات کو نمبر ایک قرار دیا تھا ۔ کیا تم اپنی ماں کی بات میں غبارہ دیکھتے ہویا تمہاری ماں بھی غبارے چھوڑ رہی ہیں؟ ۔ یہاں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ گجرات کے عوام نے کانگریس قائدین کو جھوٹ کے غبارے قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے ۔ گذشتہ تین اسمبلی انتخابات کے دوران گجرات میں کانگریس کو بدترین شکست ہوئی ہے۔

مودی نے گجرات کی مثالی ترقی پر راہول گاندھی کی حالیہ کی گئی تنقید کا حوالہ دیا اور کہا کہ یہ شہزادہ گجرات کو گیس سے بھرا ہو غبارہ کہہ رہا ہے اور اس نے 2004اور 2009ء میں بی جے پی کی درخشاں ہندوستان مہم پر بھی تنقید کی ہے ۔ شہزادہ تم ان دنوں ایسی بات کررہے ہوجب کہ گجرات میں میری حکومت ہے اور عوام مجھے منتخب کریں گے ۔ یہ انتخابات وزیراعظم کو منتخب کریں گے جو دہلی میں حکومت تشکیل دے گا ۔ لہذا ملک کی آنے والی حکومت کے تعلق سے اس طرح کا اظہار خیال نہ کریں۔ کانگریس کو خود اپنی 10سالہ حکمرانی کا حساب کتاب پیش کرنا ہوگا ۔ غبارے کے ریمارک کا حوالہ دیتے ہوئے مودی نے کہاکہ تمہاری پارٹی اور تمہارے 18چیف منسٹروں نے 2002ء میں گجرات کا دورہ کیا اور عوام کے سامنے جھوٹ کے غبارے چھوڑے اور گجرات کے عوام نے قبول نہیں کیا۔
اور میری ریاست کے عوام نے تمہارے غباروں کو ہرگز قبول نہیں کیا ۔ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو بدترین شکست ہونے کا اشارہ دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ کسی بھی ریاست میں کانگریس کو دو ہندسی اکثریت نہیں ملے گی۔ بعض علاقوں میں کانگریس قائدین کی ضمانت ضبط ہوجائے گی۔مودی نے کہا کہ یہ مت سونچو کہ ملک کو لوٹنے والے فرار ہوسکتے ہیں ‘ میری نظر کشمیر سے کنیا کماری تک ہے ۔

سشما سواراج ’’ہوا ہوائی ‘‘ لیڈر : جئے وردھن سنگھ
کانگریس رکن اسمبلی جئے وردھن سنگھ نے بی جے پی کی موجودہ ایم پی سشما سواراج پر الزام عائد کیا کہ وہ حلقہ کے عوام کو عرصہ سے نظرانداز کرچکی ہیں ۔ وڈیشا (مدھیہ پردیش )حلقہ لوک سبھا میں گزشتہ دس سال کے دوران کوئی ترقی نہیں ہوئی ۔ سشما یہاں کے عوام کیلئے ہوا ہوائی لیڈر ہیں ۔