کامیابی کے زریں اصول

بچو! اگر آپ کامیابی چاہتے ہیں تو گفتگو میں ، بات چیت میں حتیٰ کہ خیال میں بھی کامیابی ہی کو سامنے رکھیں۔ کامرانی اور فتح کی پختہ اُمید آپ کے دل پر نقش ہونی چاہئے ۔ کسی حالت میں بھی ناامیدی ، یاس ، غم ، کم ہمتی ، بزدلی اور شکست کو اپنے پاس نہ بھٹکنے دیں۔
جو کام آپ کررہے ہیں اس کا انجام آپ کو پہلے سے معلوم ہونا چاہئے ۔ اس کیلئے اپنی زندگی کا مقصد اور اپنی ہستی کا مدعا معلوم کریں اور جب آپ اس کی تہہ تک پہنچ جائیں تو کوئی نصب العین ، پروگرام اور نظام اوقات معین کرلیں ۔اپنی گفتگو اور عمل سے دوسروں کا اعتبار حاصل کرلیں ۔آپ کی باتوں پر لوگوں کو بھروسہ ہوجائے ، آپ کے قول و فعل پر انہیں اعتبار ہوجائے ۔ سامعین کا اس قدر اعتبار حاصل ہوجائے کہ آپ کی نسبت ان کی یہ رائے ہو کہ آپ جو کہتے ہیں اس کو کر کے کردکھانے کی صلاحیت ہے ۔ لوگوں کو پکا بھروسہ آپ پر ہوجانا چاہئے ۔ اپنے کام کی کامیابی پر یقین محکم اور اس کے حصول کیلئے عمل پیہم ہی کامیابی کیلئے زریں سرمایہ ہے ، ہمیشہ اس کو ساتھ رکھئے۔