کارکن انتخابات میں سوجھ بوجھ سے بہتر نتائج دلائیں:مایاوتی

لکھنؤ15مارچ(سیاست ڈاٹ کام) سربراہ بہوجن سماج پارٹی مایاوتی نے کارکنوں سے کہا ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں اپنے سوجھ بوجھ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پارٹی کو بہتر نتائج دلانا ہی پارٹی فاونڈر کانشی رام کو سچی خراج عقیدت ہوگی۔مایاوتی نے جمعہ کو پارٹی فاونڈر کانشی رام کی جینتی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت دیتے ہوئے کہا کہ کارکن اپنی سوجھ بوجھ سے بہتر نتائج دلائیں۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس پی حکومت میں ان عظیم ہستیوں کے ساتھ ساتھ دلت و او بی سی سماج میں پیدا ہونے والے مہان سنتوں، گروؤں کو بھی کافی احترام دیا گیا۔ سماجی تبدیلی و مساوی سماج کی تشکیل کے لئے ان عظیم ہستیوں کے جدوجہد و قربانیوں کو بھلانا ممکن نہیں ہے ۔مایاوتی نے اس موقع پر کہا کہ بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے انتقال کے بعد کئی دہائیوں تک گمنام و منتشر پڑے ان کے کارواں کو بام سیف، ڈی ایس۔4 و بی ایس پی مومنٹ کے ذریعہ زندہ کر کے ان کو ملک کی سیاست میں احترام دلانے کا کام کانشی رام نے کیا۔ انہوں مرکز و ریاست کی برسر اقتدار پارٹیوں پر انہیں نظر انداز کرنے کا الزام لگایا۔لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر ضابطہ اخلاق نافذ ہے ۔ کانشی رام کی جینتی کے موقع پر بی ایس پی نے آج کسی بھی قسم کی کوئی تقریب منعقد نہیں کی۔ مایاوتی نے کانشی رام اسمارک پر جاکر ا ن کی مورتی پر گلپوشی کر کے ان کو خراج عقیدت پیش کی۔