کابینہ کی تشکیل کیلئے وزیراعظم مودی کی اعلیٰ سطحی مشاورت

حلف برداری سے قبل گاندھی جی اور واجپائی کی سمادھی پر گلہائے عقیدت ، جنگ کے شہیدوں کو خراج
نئی دہلی 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی اپنی کابینہ تشکیل دینے کے لئے اعلیٰ سطحی مشاورت کی ہے۔ حلف لینے والے وزراء کا اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔ حلف برداری کے فوری بعد یہ اجلاس وزیراعظم کی رہائش گاہ پر منعقد کیا گیا۔ قبل ازیں صبح میں وزیراعظم نریندر مودی نے بی جے پی صدر امیت شاہ سے ملاقات کرتے ہوئے اپنی کابینہ کو قطعیت دے دی اور راشٹراپتی بھون کو کابینی وزراء کی فہرست روانہ کردی گئی۔ لوک سبھا انتخابات میں شاندار کامیابی کے بعد نریندر مودی حلف لینے والے ہیں۔ امیت شاہ کی اکبر روڈ رہائش گاہ پر جشن کا ماحول دیکھا جارہا ہے جہاں بی جے پی جنرل سکریٹری رام لال کے علاوہ کئی اہم قائدین امیت شاہ کی رہائش گاہ پر ملاقات کے لئے موجود تھے۔ لوک سبھا میں بی جے پی کو 303 نشستوں پر کامیابی کے معمار سمجھے جانے والے امیت شاہ کا قد بڑا ہوگیا ہے، انھیں کابینہ میں اہم عہدہ دیا گیا۔ وہ وزارت داخلہ اور وزارت فینانس میں سے کوئی ایک رکھیں گے یا دونوں قلمدان اُن کے پاس ہوں گے۔ بی جے پی کے سینئر قائدین جیسے راجناتھ سنگھ، نتن گڈکری، نرملا سیتارامن، پویش گوئل، نریندرا سنگھ تومر، پرکاش جاویڈکر، روی شنکر پرساد، دھرمیندر پردھان اور سمرتی ایرانی بھی مودی حکومت کی دوسری میعاد میں اہم قلمدان حاصل کریں گے۔ دیگر اہم وزارتوں میں سدانندا گوڑ، گجیندر سنگھ شیخاوت، مختار عباس نقوی، جینت سنہا، گری راج سنگھ، راجیو وردھن سنگھ راٹھور، دلیپ گھوج، جیتندر سنگھ اور پرشوتم روپالا کے نام قابل ذکر ہیں۔ نئے چہروں میں مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے پرہلاد پٹیل کو شامل کیا گیا۔

راجستھان سے کیلاش چودھری، تلنگانہ سے کشن ریڈی، کرناٹک سے سریش انگڑی، مہاراشٹرا سے راؤ صاحب دانوے کو منتخب کیا گیا ہے۔ بی جے پی کی حلیف پارٹیوں جیسے شیوسینا، جنتادل (یو)، انا ڈی ایم کے، ایل جی پی، اکالی دل اور اپنا دَل کو بھی مودی حکومت میں نمائندگی حاصل ہوگی۔ این ڈی اے کی ہر ایک حلیف پارٹی کو ایک کابینی درجہ دیا جائے گا۔ لوک جن شکتی پارٹی نے پہلے ہی قرارداد منظور کرتے ہوئے پارٹی صدر رام ولاس پاسوان کو مودی حکومت میں نمائندگی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے حلف برداری سے قبل آج صبح مہاتما گاندھی اور بی جے پی کے بزرگ لیڈر اٹل بہاری واجپائی کو گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے دونوں قائدین کو خراج پیش کیا۔ اپنی دوسری میعاد کا حلف لینے سے قبل مودی نے انڈیا گیٹ سے متصل قومی جنگی یادگار مقام پر پہونچ کر سلامی دی۔ وزیراعظم نے تقریباً صبح سات بجے راج گھاٹ کا دورہ کیا اور مہاتما گاندھی کی یادگار پر پھول نچھاور کئے۔ بعدازاں اٹل بہاری واجپائی کی سمادھی پر پہونچے، جہاں اُنھوں نے کنول نما گلدستے کو سمادھی پر رکھا۔ اِن کے ساتھ بی جے پی کے کئی سینئر قائدین بھی موجود تھے۔ بعدازاں اپنے سلسلہ وار ٹوئٹ پیام میں نریندر مودی نے لکھا کہ اِس سال ہم 150 باپو جینتی منارہے ہیں۔ اِس خصوصی موقع پر ہم باپو کے کارناموں کو یاد کریں گے۔