کابل میں وزارت داخلہ کی عمارت کے قریب دھماکوں کی توثیق ، ایک ہلاک

کابل۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کابل کی وزارت داخلہ کی عمارت کے قریب فائرنگ کی آزاد اور زوردار دھماکے سنے گئے جبکہ کچھ روز قبل ہی طالبان نے فوجی اور انٹلیجنس مراکز کو نشانہ بنانے کا عزم کیا تھا۔ اب تک صرف ایک ہلاکت کا پتہ چلا ہے ۔ لیکن اب تک یہ نہیں معلوم ہوا ہے کہ ان دھماکوں کے پس پشت کون کارفرما ہے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب داش نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صرف فائرنگ اور دھماکوں کی آواز کی ہی توثیق کی جاسکی ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ کابل میں طالبان اور دولت اسلامیہ دونوں نے اپنے حملوں میں شدت پیدا کی ہے اور اس طرح ملک کا دارالحکومت ہی شہریوں کے لئے رہنے کے لئے ایک بدترین مقام میں تبدیل ہوچکا ہے۔

طالبان کے حملے میں 6 پولیس افسران ہلاک
پولی عالم (افغانستان)۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) طالبان حملہ آور جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل ہے، نے ایک پولیس اسٹیشن پر ہلہ بول دیا اور 6 پولیس افسران کو ہلاک کردیا۔ صوبائی پولیس ترجمان شاہ پور احمد زئی نے بتایا کہ بمبار نے دھماکو اشیاء سے لدی گاڑی کو پولیس اسٹیشن کے باب الداخلہ پر دھماکہ سے اڑا دیا۔ اس کے فوری بعد دیگر 3 حملہ آور پولیس اسٹیشن کے کمپاؤنڈ میں داخل ہوگئے اور سکیورٹی فورسیس کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ کیا۔ نصف گھنے تک فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسیس نے تمام حملہ آوروں کو ہلاک کردیا تاہم بدقسمتی سے اس لڑائی میں 3 پولیس افسران اور 3 ٹریفک پولیس افسران بھی ہلاک ہوگئے جبکہ 8 شہریوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ دوسری طرف صوبائی گورنر کے ترجمان شمشاد لاروائی نے بھی اس حملے اور فائرنگ کے تبادلے کی توثیق کی اور یہ بھی کہا کہ اس وقت صورتحال قابو میں ہے تاہم پولیس اسٹیشن کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔