کئی جگہ وحشت ناک گرمی ، مہاراشٹرا میں 48 ڈگری سنٹی گریڈ

نئی دہلی ۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جھلسادینے والی گرمی کی لہر نے ملک کے کئی حصوں کو لپیٹ میں لے لیا ہے جیسا کہ مہاراشٹرا کے چندرپور ٹاؤن میں درجہ حرارت 48 ڈگری سنٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔ قومی دارالحکومت میں اس ماہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43.1 ڈگری سلسیس رہا۔ اقل ترین درجہ حرارت 23.6 ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے دو درجہ کم ہے۔ راجستھان کے کئی حصوں میں بھی وحشتناک گرمی ہورہی ہے جہاں موسم کا اعظم ترین درجہ حرارت چورو میں 47.3 ڈگری درج ہوا جو اوسط سے 4 درجہ زیادہ ہے۔ ریاست کے مغربی اور مشرقی حصوں میں گرمی کی لہر کے سبب عام زندگی متاثر ہورہی ہے۔ مہاراشٹرا کے شہر ناگپور میں درجہ حرارت 46 ڈگری تک پہنچ گیا۔ ودربھ خطہ کے چندرپور ٹاؤن میں درجہ حرارت 48 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ ہریانہ اور پنجاب کے حصوں میں بھی بلا کی گرمی ہورہی ہے جہاں درجہ حرارت 42 سے لیکر 46 کے درمیان ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ جنوبی ہند میں تلنگانہ بھی شدید گرمی کی لہر سے متاثر ہے جہاں ضلع عادل آباد میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 46.3 ڈگری متواتر دوسرے روز ریکارڈ ہوا ہے۔ نلگنڈہ اور ہنمکنڈہ کے علاوہ دارالحکومت حیدرآباد کے شہری بھی دن میں سخت دھوپ اور رات میں حبس کے ماحول سے پریشان ہے۔ اس مرتبہ ملک میں گرمی کی لہر کا اندازہ اس بات سے عیاں ہوجاتا ہیکہ ہماچل پردیش جیسی پرفضاء آب و ہوا والی ریاست بھی گرمی سے بچی ہوئی نہیں ہے۔ اسی طرح جموں خطہ میں بھی معمول سے تقریباً 4 ڈگری زیادہ درجہ حرارت (42.8) ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دن کے درجہ حرارت میں اضافہ کا نتیجہ ہیکہ شہر کے سڑکوں پر عوام کی نقل و حرکت نمایاں طور پر کم ہوگئی ہے اور کم عمر بچوں کو نہروں اور تالابوں نیز سوئمنگ پولس سے استفادہ کرتے ہوئے دیکھا جارہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کا یہ ماحول آئندہ دو تا تین دنوں تک ودربھ کے علاوہ مدھیہ پردیش، تلنگانہ، ہریانہ، چندی گڑھ، دہلی، راجستھان، بہار، جھارکھنڈ، اترپردیش اور اوڈیشہ کے حصوں میں جاری رہنے کا امکان ہے۔