ڈنمارک میں پیغمبراسلامؐ کارٹون مقابلہ منسوخ

پاکستان میں احتجاجی ریالی سے دستبرداری
اسلام آباد ۔ 31 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پیغمبراسلامؐ کی شخصیت کا مضحکہ اڑانے کیلئے ڈنمارک میں ایک کارٹون مقابلہ کا اہتمام کیا گیا تھا جس کی اطلاع عام ہوتے ہی پاکستان میں اس مقابلہ کے خلاف ایک زبردست احتجاجی ریالی نکالنے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا تھا تاہم لمحۂ آخر میں ڈنمارک میں اس مقابلہ کی منسوخی کے بعد پاکستان میں بھی احتجاجی ریالی نکالنے کا منصوبہ منسوخ کردیا گیا۔ یاد رہیکہ ڈنمارک میں اسلام مخالفین کی کوئی کمی نہیں ہے اور وہ لوگ وقتاً فوقتاً پیغمبراسلامؐ کی شبیہہ کو متاثر کرنے کیلئے توہین آمیز بیانات اور حرکتیں کرتے رہتے ہیں۔ اس موقع پر دائیں بازو کے اپوزیشن اسلام دشمن قائد گیرت وائلڈرس نے کارٹون مقابلہ کی منسوخی کا یہ کہہ کر اعلان کیا کہ انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی تھیں لہٰذا انہوں نے سوچا کہ مقابلہ کے دیگر شرکاء کی جان کو خطرے میں ڈالنے سے بہتر یہی ہیکہ مقابلہ منسوخ کردیا جائے۔ لہٰذا پاکستان کے شعلہ بیان عالم دین خادم حسین رضوی نے بھی احتجاجی ریالی نکالنے کا فیصلہ منسوخ کردیا جبکہ پروگرام کے مطابق ریالی کے علاوہ دھرنا دیئے جانے کا پروگرام بھی شامل تھا تاکہ حکومت پاکستان کو اس بات کیلئے مجبور کیا جائے کہ وہ نیدرلینڈس سے اپنے سفارتی تعلقات منقطع کرلے۔