ڈنمارک میں حضرت محمدؐ کے کارٹون مقابلہ کیخلاف پاکستان میں ریالی

لاہور۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے ایک اسلامی گروپ جسے گزشتہ ماہ منعقد کئے گئے عام انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل ہوئی تھی، اب اسلام آباد تک ایک ریالی منعقد کرنے کا فیصلہ کرچکا ہے جو ڈچ کارٹون ساز ’گیرت وائیلڈرس‘ کے خلاف نکالی جائے گی جس نے محسن انسانیت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر کارٹون کا ماہِ نومبر میں انعامی مقابلہ رکھنے کا منصوبہ بنایا ہے جس کی پاکستان کے مسلمان شدید مخالفت کررہے ہیں۔ اُن کا ماننا ہے کہ ایسی مکروہ حرکت دراصل اسلام کو بدنام کرنے کیلئے کی جارہی ہے کیونکہ مذہب اسلام میں اللہ تعالیٰ اور اس کے پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے خاکے نہیں بنائے جاسکتے۔ صرف حضرت محمد ﷺ ہی نہیں بلکہ کسی بھی پیغمبر کے خاکے بنانا اِسلامی تعلیمات کے مغائر ہے۔ آج کی اس ریالی کے ذریعہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی بھی آزمائش ہوجائے گی کہ وہ کس طرح ’’تحریک لبیک پاکستان پارٹی‘‘ سے بات چیت کرتے ہیں کیونکہ اس پارٹی نے 25 جولائی کو منعقدہ عام انتخابات میں عمران خان کی پارٹی کی زبردست تائید کی تھی۔

حکومت ِپاکستان کو بھی ’’مخالف اِسلام کارٹون مقابلہ‘‘ پر اعتراض
اسلام آباد۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے ہالینڈ میں ہونے جا رہے ’’مخالف اسلام کارٹون مقابلہ‘‘ کو اسلام کے خلاف نفرت اور عدم رواداری پھیلانے والی قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف اعتراض کیا ہے ۔پاکستان کی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے منگل کو ہالینڈ کے وزیر خارجہ اسٹیف بلاک سے اس کی شکایت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ملک (ہالینڈ) میں ہونے جارہے ’’مخالف اسلام کارٹون مقابلہ‘‘ سے نفرت اور عدم رواداری پھیلے گی۔ اس سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوں گے ۔ مسٹر قریشی نے کہا کہ وہ اس مسئلہ کو عالمی قائدین کے سامنے اٹھائیں گے ، اس مسئلہ کو کئی سطحوں پر اٹھایا جائے گا۔ ہم نے برطانیہ اور یوروپی یونین سے رابطہ کیا ہے ۔ہالینڈ کے رکن پارلیمنٹ گریٹ ولڈرز نے اسی سال ’’مخالف اسلام کارٹون مقابلہ‘‘ منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس میں محسن انسانیت ؐپر بھی کارٹون بنائے جائیں گے ۔مسٹر ولڈرز ان کارٹون کو پارلیمنٹ میں واقع اپنی پارٹی کے کمرے میں نمائش کرنا چاہتے ہیں۔ہالینڈ کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے مسٹر قریشی کے ساتھ فون پر بات چیت میں کہا کہ حکومت ہالینڈ مسٹر ولڈرز کے کارٹون مقابلہ کو حمایت نہیں کرتی۔جمعہ کو وزیر اعظم ہالینڈ مارک روٹ نے میڈیا سے کہا کہ انہیں ولڈرز کے کارٹون مقابلہ سے کوئی مثبت مقصد حاصل ہوتا دکھائی نہیں دیتا، لیکن اپوزیشن پارٹی کے ایم پی ہالینڈ کی اظہار رائے کی آزادی کے قانون کے تحت اس مقابلے کا انعقاد کر رہے ہیں۔پیر کو پاکستان کی پارلیمنٹ کے ایوان بالا نے اس مقابلہ کی مذمت کی۔ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ وہ اس بات کو نہیں سمجھتے کہ اس طرح کے کاموں سے کتنی چوٹ پہنچا رہے ہیں”۔