ڈاکٹرعارف علوی نے صدرپاکستان کے عہدہ کاحلف لیا

ایوان صدر میں تقریب ‘ سیول و دفاعی قیادت کی شرکت‘علوی کی زبان کی لغزش

اسلام آباد۔9ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ڈاکٹرعارف علوی نے صدر پاکستان کے عہدہ کا حلف لے لیا۔چیف جسٹس پاکستان نے ڈاکٹرعارف علوی کو حلف دلایا۔تفصیلات کے مطابق آج منتخب صدر ڈاکٹرعارف علوی کی ایوان صدرمیں تقریب حلف برداری ہوئی۔جس میں وزیراعظم عمران خان،، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ،،چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار،،چئیرمین سینٹصادق سنجرانی، چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمودحیات،،وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اوروزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار،،وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال،وزیرفینانس اسدعمر سمیت دیگر اہم رہنماؤں اور عسکری قیادت نے شرکت کی۔وفاقی کابینہ کے ارکان،ارکان پارلیمنٹ اورپاکستان میں متعین سفیروں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔تقریب کاآغازتلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ نومنتخب صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے عہدے کا حلف لیا۔ موجودہ صدر ممنون حسین کی مدت ہفتہ کو ختم ہو گئی۔۔ ڈاکٹر عارف علوی پاکستان کے تیرھویں منتخب صدر مملکت ہیں۔عارف علوی 1996 میں پاکستان تحریک انصاف کی بنیاد رکھنے والوں میں شامل تھے۔نو منتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی نے زمانہ طالب علمی سے سیاست میں حصہ لینا شروع کیا۔پیشہ کے اعتبارسے ڈینٹسٹ عارف علوی پہلی بار2013 میں کراچی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ ڈاکٹر عارف علوی بھی خاتم النبی ؐکا لفظ ٹھیک طرح سے ادا نہ کر پائے۔اس سے پہلے وزیراعظم عمران خان بھی اپنی تقریب حلف برداری میں اردو کے کئی الفاظ ٹھیک طرح سے ادا نہیں کر سکے تھے۔