چیف منسٹر گوا منوہر پاریکر کا انتقال

آج آخری رسومات اور قومی سوگ کا اعلان ، صدرجمہوریہ ، وزیراعظم اور دیگر کا اظہارتعزیت
پاناجی ۔ /17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر گوا منوہر پاریکر کا آج ان کی خانگی رہائش گاہ میں انتقال ہوگیا ۔ پاریکر کی صحت دن بہ دن خراب ہوتی جارہی تھی ۔ گزشتہ دو دن سے ان کی صحت میں مزید ابتری آگئی ۔ گوا کے چار مرتبہ چیف منسٹر اور مرکزی وزیر دفاع رہنے والے 63 سالہ پاریکر نے اتوار کی شام 6.40 کو آخری سانس لی ۔ ذرائع نے کہا کہ پاریکر کو ہفتہ کی شب سے ہی زندگی بچانے والے نظام پر رکھا گیا تھا ۔ پسماندگان میں دو فرزندان اور دیگر ارکان خاندان شامل ہیں ۔ مرکزی حکومت نے پیر کو قومی سوگ کا اعلان کیا ہے ۔ صدرجمہوریہ رام ناتھ کوند ، وزیراعظم نریندر مودی نے اظہار تعزیت کیا اور انہیں ایک عظیم لیڈر قرار دیا ۔ مودی نے کئی ٹوئیٹس پیامات روانہ کرتے ہوئے کہا کہ منوہر پاریکر ایک قدآور لیڈر تھے اور سچے حب الوطن کے ساتھ بہترین اڈمنسٹریشن تھے ۔ بی جے پی صدر امیت شاہ کے علاوہ دیگر کئی قائدین نے انہیں خراج پیش کیا ۔ پاریکر آر ایس ایس کے پرچارک کی حیثیت سے ابھرے تھے ۔ بعد ازاں انہوں نے بی جے پی میں اہم مقام حاصل کیا ۔ وہ /13 ڈسمبر 1955 ء میں متوسط خاندان میں پیدا ہوئے ۔ نومبر 2014 ء سے مارچ 2017 ء تک ملک کے وزیر دفاع رہے ۔ ان کی آخری رسومات کل انجام دی جائیں گی ۔