چھوٹے لوگ بڑے عہدوں پر قابض، عمران کا ردعمل

ہندوستان کا منفی اور متکبرانہ رویہ افسوسناک !

اسلام آباد ۔ 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) نیویارک میں ہند۔ پاک وزرائے خارجہ کی بات چیت کو منسوخ کرنے ہندوستان کے فیصلے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ یہ فیصلہ منفی سوچ اور متکبرانہ ہے، یہ افسوسناک قدم ہے ۔ ہندوستان نے جمعہ کو جموں و کشمیر میں تین پولیس ملازمین کی ہلاکت کو بہیمانہ قرار دیتے ہوئے بات چیت ملتوی کردی ۔ اس پر عمران نے کہا کہ ہندوستان کے منفی جواب سے مایوسی ہوئی ہے۔ وزیراعظم پاکستان بننے کے بعد انہوں نے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی کے مبارکبادی پیغام کے جواب میں خط لکھ کر مذاکرات کی بحالی پر زور دیا تھا ۔ ہندوستان نے بات چیت کی تجویز قبول کرلی تھی لیکن اسے اچانک ملتوی کردیا ۔ عمران نے ٹویٹ کیا کہ جب چھوٹے لوگ بڑے عہدوں پر قابض ہوتے ہیں تو ایسے ہی حرکتیں کرتے ہیں جن کے پاس ویژن نہیں ہوتا اور دوراندیشی سے قطعی محروم ہوتے ہیں۔ انہوں نے اپنی زندگی میں بارہا دیکھا ہے کہ ادنیٰ لوگ بڑے عہدوں پر قبضہ تو کرلیتے ہیں لیکن اس کو سنبھال نہیں پاتے ہیں۔