چوتھے مرحلے میں 64 فیصد پولنگ ‘ مغربی بنگال و اوڈیشہ میں تشدد ‘ 1 ہلاک

بنگال میں مرکزی دستوں کی ہوائی فائرنگ ۔ بی جے پی امیدوار بابل سپریو کے خلاف ایف آئی آر ۔ دیگر مقامات پر پر امن ووٹنگ

نئی دہلی 29 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک بھر میں لوک سبھا کی 72 نشستوں کیلئے آج چوتھے مرحلے میں ووٹ ڈالے گئے جبکہ اس دوران مغربی بنگال اور اوڈیشہ میں تشدد کے واقعات پیش آئے ۔ ان واقعات میں ایک کانگریس ورکر فوت ہوگیا ۔ اسکے علاوہ کئی مقامات پر ووٹنگ مشینوں میں خامیوں کی اطلاعات ہیں ۔ چوتھے مرحلے میں جملہ 64 فیصد کی رائے دہی ہوئی ۔ راجستھان میں رائے دہی کا تناسب 67.73 فیصد ریکارڈ رہا ۔ اترپردیش میں 58.56 فیصد ووٹ ڈالے گئے ۔ یہاں 13 حلقوں کیلئے پولنگ ہوئی جبکہ مدھیہ پردیش میں 67.09 فیصد پولنگ ہوئی ہے ۔یہاں چھ نشستوں کیلئے رائے دہی ہوئی ہے ۔ مغربی بنگال میں پولنگ کا تناسب 76.66 فیصد ہوا جہاں آٹھ حلقوں کیلئے ووٹ ڈالے گئے ۔ ریاست میں ترنمول کانگریس اور بی جے پی ورکرس کے مابین نانور ‘ رامپور ہاٹ ‘ نلہاٹی اور سورل حلقوں میں تصادم کے واقعات پیش آئے جن میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔ بارا بانی میں آسنسول سے بی جے پی امیدوار و مرکزی وزیر بابل سپریو کی گاڑی پر ٹی ایم سی کارکنوں نے حملہ کرکے نقصان پہونچایا جبکہ دبراج پور میں مرکزی سکیوریٹی دستوں نے کئی موقعوں پر ہوا میں فائرنگ کی جب ہجوم نے انہیں نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی کیونکہ فورسیس نے انہیں پولنگ بوتھس میں موبائیل فونس کے ساتھ داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کی تھی ۔ پولنگ عملہ کے ساتھ تکرار کے الزام میں بابل سپریو کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کی ہدایت دی گئی ہے ۔ ترنمول کانگریس اور بی جے پی نے ایک دوسرے پر رائے دہندوں کو دھمکانے کا الزام عائد کیا ۔ آج چوتھے مرحلے میں بی جے پی کیلئے بہت کچھ داو پر لگا ہوا ہے کیونکہ 2014 کے انتخابات میں ان 72 حلقوں میں بی جے پی کو 56 حلقوں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی ۔اب تک لوک سبھا کی 543 نشستوں کے منجملہ 374 نشستوں کیلئے رائے دہی ہوچکی ہے ۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار کے بموجب اوڈیشہ میں کئی مقامات پر تشدد کے واقعات پیش آئے جہاں پولنگ کا تناسب 64.05 فیصد رہا ہے ۔ ایک کانگریس کارکن کو بالکوڈا ۔ ایراساما علاقہ میں چاقو مار کر ہلاک کردیا گیا جب وہ ایک پولنگ بوتھ سے واپس ہو رہا تھا ۔ اس نے حال ہی میں بی جے ڈی سے علیحدگی اختیار کرکے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی تھی ۔ جاجپور کیندرا پاڈا اور بالاسور لوک سبھا حلقوں میں بھی کچھ مقامات پر بی جے ڈی اور بی جے پی کارکنوں میں جھڑپ ہوئی ۔ آج رائے دہی میں 60 بوتھس پر ووٹنگ مشینوں میں خامیوں و نقائص کی اطلاع تھی اور رائے دہی تاخیر سے شروع ہوئی تاہم خامیوں کو دور کرنے کے بعد پولنگ شروع ہوگئی۔ 207 پولنگ بوتھس پر ووٹنگ مشینوں میں خرابی پر تبدیل کردیا گیا ۔ راجستھان میں رائے دہی پرامن رہی جہاں بانسواڑہ حلقہ میں سب سے زیادہ 72.34 فیصد پولنگ ہوئی ۔ مہاراشٹرا میں 17 نشستوں کیلئے 55.86 فیصد ووٹ ڈالے گئے ۔ بہار میں پانچ نشستوں کیلئے59.02 فیصد پولنگ ہوئی ۔ جموںو کشمیر میں اننگ ناگ حلقہ کیلئے 10.5 فیصد ووٹ ڈالے گئے ۔ یہاں کچھ مقامات پر سنگباری کے واقعات پیش آئے ۔ ممبئی میں ارب پتی کارپوریٹس ‘ بالی ووڈ ستاروں نے قطاروں میں کھڑے ہوکر اپنے ووٹ کا استعمال کیا ۔