چاند کی رویت پر تذبذب ختم ، متفقہ طور ۲۲؍ اگست کو عید الاضحی کا اعلان 

نئی دہلی : ذی الحجہ کے چاند کو لے کر جاری اختلافات او راس کے بعد دیگر ایک دوسرے کی تصدیق اورشہادتوں پر اعتبار کرتے ہوئے مختلف علمائے کرام او ررؤیت ہلال کمیٹیوں کی تصدیق او ران سب کا ۲۲؍ اگست کو عید تسلیم کرلئے جانے کے بعد مجلس علماء ہند کے قومی نائب صدر او رشیعہ جامع مسجد کشمیر گیٹ کے امام مولانا سید محمد علی محسن تقویٰ نے بھی عید الاضحی ۲۲؍ اگست کو منانے کا اعلان کیاہے ۔اپنے بیان میں مولانا سید محمد علی محسن تقویٰ نے کہا کہ اس سال ذی الحجہ کا چاند اپنے آغاز سے ہی اختلافات کا شکار رہا ہے اور پوری قوم تشویش میں مبتلا ہے ۔

اختلافات کے دو سبب تھے ۔پہلا جن مقامات پر رؤیت کی خبر موصول ہوئی تھی وہاں شیعہ آبادی نہ ہونے کی بنا تحقیق کرنا دشوار تھا دوسرے یہ کہ خود علماء اہلسنت کے درمیان بھی اختلافات کی وجہ رویت مشتبہ ہوگئی تھی ۔ بہر حال جنوبی ہند اور کرگل کے شیعہ علماء کرام اور عوام کی تصدیقات نیز تمام مسالک کے علماء کرام کے اتفاق کو ملاحظہ کرتے ہوئے موجودہ صورت حال میں یہ فیصلہ لیا گیا کہ ۱۳؍ اگست کو یکم ذی الحجہ تھی اور انشاء اللہ ۲۲؍ اگست کو عید الاضحی منائی جائے گی۔

دووسری جانب علماء ہند چاند کمیٹی کی طرف سے یہ اعلان کیاگیا کہ عید الاضحی ۲۲؍ اگست کومنائی جائے گی ۔