چار علاقائی پارٹیاں بی جے پی کی تائید نہیں کرینگی : راہول

ترنمول ۔ سماج وادی ۔ بہوجن سماج اور تلگودیشم پارٹی شامل ، سونیا اور منموہن کا اہم کردار
شملہ ؍ نئی دہلی ۔ 17 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج دعویٰ کیا کہ نوٹوں کی تنسیخ کا فیصلہ پوری کابینہ کو مقفل کرکے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے کیا گیا تھا۔ وہ ہماچل پردیش کے علاقہ شولان میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے اپنی پوری کابینہ کو مقفل کردیا تھا۔ بعدازاں اعلیٰ مالیتی نوٹوں کی تنسیخ کا اعلان کیا تھا۔ راہول گاندھی نے کہا کہ رافیل لڑاکا جیٹ طیاروں کے سودے میں کرپشن کے الزام کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بالاکوٹ پر ہندوستانی فضائیہ کے حملہ سے پاکستانی راڈار سے بچ کر ہندوستانی طیارے بالاکوٹ پر حملہ آور ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ملازمتیں فراہم کرنے انتخابی وعدہ کیا تھا اور ہر شہری کے بینک کھاتے میں 15 لاکھ روپئے جمع کروانے کا بھی تیقن دیا تھا لیکن ان میں سے ایک بھی انتخابی وعدہ کی تکمیل نہیں کرسکے۔ نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب راہول گاندھی نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد اپوزیشن پارٹیاں بشمول ترنمول کانگریس، سماج وادی پارٹی، بہوجن سماج پارٹی اور تلگودیشم پارٹی بی جے پی کی تائید نہیں کریں گی۔ اپوزیشن پارٹیوں کی حکمت عملی کو لوک سبھا نتائج کے اعلان سے قبل ظاہر کرنے سے انکار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ قبل ازوقت عوام کے فیصلہ کا اندازہ نہیں لگا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے اپوزیشن پارٹیوں کی تائید کھودی ہے۔ انہوں نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہ سونیا گاندھی کا تمام اپوزیشن پارٹیوں کو آئندہ حکومت تشکیل دینے کیلئے متحد کرنے کے سلسلہ میں کیا کردار رہے گا، راہول گاندھی نے کہا کہ بحیثیت صدرنشین یو پی اے سونیا گاندھی اور سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اپوزیشن کو متحد کرنے کا تجربہ رکھتے ہیں اور وہ دونوں اس سلسلہ میں انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد اہم کردار ادا کریں گے۔