پی ڈی پی او ربی جے پی نے کشمیر کے ٹکڑے ٹکڑے کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی : ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال

جموں : نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال نے الزا م لگایا ہے کہ سابقہ پی ڈی پی مخلوط حکومت نے ریاست کے ٹکڑے ٹکڑے کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ۔ انہوں نے شیر کشمیر بھون میں پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔انہوں نے کہا کہ فرقہ پرست اورکشمیر دشمن عناصر پی ڈی پی کے قیام کے مقصد نیشنل کانفرنس کامتبادل بنانا او رکشمیریوں کی آوازکو دبا تھا لیکن یہ دشمن عناصر پھر ایک بار اپنی کوشش میں ناکام ہوگئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے اقتدار سنبھالتے ہی جموں و کشمیر کے دشمنوں کے خاکہ کو بھر نا شروع کیا ۔انہوں نے کہا کہ اپنے ساڑھے سالہ دور حکومت میں پی ڈی پی و بی جے پی مخلوط حکومت نے بدترین حکمرانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریاست کے مفادات کو زبر دست نقصان پہنچایا ۔ڈاکٹر کمال نے کہا کہ پی ڈی پی اقتدار کے نشہ میں دھت کشمیر دشمن کاموں کے ریکارڈ قائم کئے ہیں اوریہ لوگ بھول گئے ہیں کہ ایک نہ ایک دن دوبارہ عوام کے سامنے جاناہے ۔ڈاکٹر کمال نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کا ماضی درخشاں او رمستقبل تابناک ہے ۔

یہ جماعت ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک عوامی تحریک ہے ۔جس نے ریاست کشمیر میں ناانصافی او رغیر یقینیت کوجڑ سے اکھاڑ پھینکا ہے او رریاست کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا ہے ۔