پینی سلین

اتفاق اور ذہن رسا کی فتح کا ایک شاندار کارنامہ سرالیگزینڈ فلیمنگ کے ہاتھوں سینٹ میری کے اسپتال ( لندن ) میں انجام پایا اور پینسلین ایجاد ہوئی ۔ جسے دنیا کی عجیب الاثر دواسمجھا جاتا ہے ۔ سر الیگزانڈر پہلی عالمگیر جنگ میں برطانیہ کی میڈیکل کور کارکن تھا ۔ اسے یہ دیکھ کر حد درجہ قلق ہوتا کہ اگرچہ زخمیوں کیلئے بوقت اعلی درجے کی طبی امداد کا انتظام کردیا جاتا تھا پھر بھی خون میں زہریلے جراثیم پھیل جانے سے بے شمار موتیں واقع ہوجاتی تھیں ۔ چنانچہ میدان جنگ ہی میں اس نے فیصلہ کرلیا کہ باقی زندگی ان جراثیم کی تحقیقات میں گذار دے گا جو زخمیوں کی موت کا باعث ہوتے ہیں ۔ ایک روز وہ اپنی تجربہ گاہ میں کام کر رہا تھا ۔

کیا دیکھتا ہے کہ پیپ پیدا کرنے والے جراثیم پھپوندی کے ایک چھوٹے سے ٹکڑے سے چمٹے ہوئے ہیں ۔ اس نے خوردبین سے دیکھا تو جراثیم مر رہے تھے پھر اس نے پھپھوندی کے اثرات کا خوب تجربہ کیا اور یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ انسانی جسم میں زہر پیدا کرنے والے جراثیم کی اکثر قسمیں اس سے ہلاک ہوجاتی ہیں ۔ یہ بھی تجربہ کیا پھپوندی سے تیار کی ہوئی دوا انسانی جسم پر کوئی مضر اثر نہیں ڈالتی ۔ اس تاریخی دریافت نے طبی دنیا میں انقلاب پیدا کردیا ۔