پیرس میں سینکڑوں سال قدیم نوٹر ڈیم گرجاگھر میں مہیب آتشزدگی

800 سالہ قدیم گرجاگھر کا بالائی حصہ منہدم
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ رات بھر حادثہ کی تفصیلات حاصل کرتے رہے
گرجاگھر کی درستگی پر دس سال لگ سکتے ہیں

پیرس، 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) فرانس کے پیرس میں پیر کو سینکڑوں سال قدیم نوٹر ڈیم گرجا گھر میں شدید آگ لگ گئی جس پر قابو پانے کے لئے فائر بریگیڈ کے عملہ اب بھی کوشش کر رہے ہیں. آگ مقامی وقت کے مطابق تقریباً دوپہر پانچ بجے لگی۔پیرس کے میئر این ہڈالگو نے ٹویٹ کر کے کہا’’نوٹر ڈیم کیتھڈرل عمارت میں پیر کو شدید آگ لگ گئی اور فائر بریگیڈ کے عملہ آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ میں تمام لوگوں سے حفاظتی اقدامات کے معیار پر عمل کرنے کی درخواست کرتی ہوں‘‘۔مقامی میڈیا کے مطابق نوٹر ڈیم کیتھڈرل کی پوری عمارت میں آگ پھیل چکی ہے اور آگ کے سبب عمارت کابالائی حصہ بھی منہدم ہو گیا ہے ۔ حالانکہ ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے ۔فرانس کے صدر امانوئیل میکرون نے سماجی جد وجہدکو پرسکون کرنے کے اقدامات کو بتانے کے لئے تقریباً 6 بجے ملک کو خطاب کرنا تھا لیکن نوٹر ڈیم گرجاگھر میں آگ لگنے کی وجہ سے خطاب ملتوی کر دیا گیا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ نوٹر ڈیم گرجاگھر سینکڑوں سال قدیم عمارت ہے اور ہر سال اس عمارت کو دیکھنے لاکھوں سیاح آتے ہیں۔پیرس کے پراسیکیوٹر آفس نے آگ کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لئے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے فرانس کے پیرس میں 850 سالہ قدیم نوٹر ڈیم کیتھڈرل میں شدید آتشزدگی پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔مسٹر پومپیو نے پیر کو ٹوئٹر پر لکھا‘‘نوٹر ڈیم کیتھڈرل میں لگی شدید آگ کو دیکھ رہے زیادہ تر امریکی شہریوں کی طرح میں بھی اس مقدس مقام کی تباہی اور نقصان پر غمزدہ ہوں. فرانس کے لوگوں، کیتھولک کمیونٹی کے لوگوں اور دنیا بھر کے ان تمام لوگوں سے میری تعزیت جو اس عمارت کی خوبصورتی اور تاریخ کے پرستار ہیں’’۔امریکی صدر دفتر وہائٹ ہاؤس نے ایک بیان جاری کر کے کہا کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور رات بھر اس سے متعلق تفصیلات حاصل کرتے رہے ۔ فرانس کے وزیر داخلہ کرسٹوفر کاسٹینر سانحہ کی وجہ سے اپنا میوٹے کا دورہ مختصر کرکے آج صبح وطن واپس آ رہے ہیں۔فرینڈز آف نوٹر ڈیم آف پیرس فاؤنڈیشن کے صدر مشیل پکاؤڈ نے بتایا کہ کیتھڈرل کو دوبارہ پہلے جیسی حالت میں لانے میں کم از کم 10 سال لگیں گے ۔پرتگال کے صدر ریبیلو ڈی ساوزا اور وزیر اعظم اینٹونیو کوسٹا نے فرانس کی دارالحکومت پیرس میں عالمی شہرت یافتہ نوٹری ڈیم کیتھڈرل میں آگ لگنے کے واقعہ پر افسوس ظاہر کیا ۔مسٹر ساوزا نے پیر کو فرانس کے صدر ایمانو ل میکراں کو پیغام بھیج کر کہا کہ نوٹری ڈیم کیتھڈرل میں آگ لگنے سے لوگوں کے دل اور روح کو صدمے پہنچا ہے کیونکہ یہ چرچ انسانی سوچ کی علامت تھی ۔ انھوں نے کہا کہ یہ فرانس کے لوگوں کے لئے ہی نہیں بلکہ یورپ اور پوری دنیا کے لئے المناک واقعہ ہے ۔ فرانس کے سفیر متعینہ ہندوستان الیگزنڈر ذیگلر نے بھی قدیم گرجاگھر میں آگ لگنے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔ 800 سال قدیم گرجاگھر کی تباہی پر ہندوستانی عوام خصوصی طور پر عیسائی برادری نے شدید دکھ کا اظہار کیا ہے۔