پہلی موٹر کار کس نے بنائی تھی…؟

دنیا کی پہلی موٹر کار، جس کا انجن پٹرول سے چلتا تھا ، ایک جرمن انجینئر نے 1884ء میں بنائی تھی۔ اس کا نام ’ بنز‘ تھا۔ اس کے دوسرے سال 1885ء میں ایک اور جرمن انجینئر نے اس سے بہتر انجن کی موٹر کار بنائی۔ اس کا نام ’ ڈیلمر‘ تھا۔ ان دونوں جرمن انجینئروں نے ٹرانسپورٹ کی دنیا میں ایک انقلاب برپا کردیا ۔
موٹر کار بنانے کا سلسلہ ایک فرانسیسی انجینئر نے آج سے دو سو سال پہلے یعنی 1770ء میں شروع کیا تھا، لیکن اس نے اپنی موٹر کار کیلئے بھاپ کا انجن استعمال کیا تھا۔ اس کا نام ’ نکولس کیوگنو‘ تھا۔ بھاپ کا انجن بہت وزنی ہونے کے علاوہ خطرناک بھی ہوتا تھا، اس لئے کسی ایسے انجن کی تلاش ہوئی جو ہلکا پھلکا ہو اور گاڑی کے اندر آسانی سے لگایا جاسکے۔ آخر ایک جرمن انجینئر نے جس کا نام ’ آٹو ‘ تھا اس نے پٹرول سے چلنے والا انجن بنایا۔ یہ انجن بہت ہلکا پھلکا تھا اور اس سے موٹر کاروں کی رفتار بہت تیز ہوگئی۔ برطانیہ میں 1865ء میں ایک قانون بنایا گیا تھا جس کی رو سے موٹر گاڑیوں کی رفتار زیادہ سے سے زیادہ چار میل فی گھنٹہ رکھی گئی تھی۔ اس کے ساتھ ہی ساتھ یہ بھی ہدایت کی گئی تھی کہ موٹرکار کے آگے ایک آدمی کو سُرخ جھنڈا لے کر چلنا چاہئے، تاکہ کوئی حادثہ نہ ہو۔یہ قانون 1896ء میں ختم کردیا گیا۔