پچاس سال تک پانچ ائیرپورٹ کی ذمہ داری کے لئے لگائی گئی بول میں اڈانی گروپ سب سے آگے

نئی دہلی۔اڈانی گروپ کو خانگی طور پر چھ میں سے پانچ ائیرپورٹ کی پچاس سال تک دیکھ بھال کی ذمہ داری ملی ہے۔ گوتم اڈانی انفرا میجر نے احمد آباد‘ جئے پور‘ منگلور‘ ترویننتھام پور اور لکھنو ائیرپورٹس کو پچاس سال تک چلانے کی بولی میں سبقت حاصل کرلی ‘ اس بات کی جانکاری ائیر پورٹ اتھاریٹی آف انڈیا( اے اے ائی ) کے ذرائع نے دی ہے۔

چھٹی ائیرپورٹ گوہاٹی کی بولی منگل کے روز لگائی گئی۔اے اے ائی کے ایک سینئر افیسر نے کہاکہ ’’ ٹنڈر کرنے کا عمل پورا ہوگیا ہے ۔ اب کام کی ذمہ داری او رائیر پورٹ کی سب سے زیادہ بولی لگانے والے کو کابینہ کی منظوری کے بعد منتقلی عمل میں ائے گی‘‘۔

چھ ائیرپورٹ کے لئے مالیاتی بولی پیر کے روزشروع ہوئی ۔ مذکورہ افیسر نے کہاکہ ’’ تاہم گوہاٹی ائیرپورٹ کے متعلق بولی پر قانونی احکامات اب ہٹادئے گئے ہیں۔ اس ائیرپورٹ کے لئے منگل کے روز بولی لگائی جائے گی‘‘۔

پچھلے ڈسمبر میں ان ائیر پورٹس کے لئے تجویز پر مشتمل درخواست جاری کرنے کے بعد مذکورہ جی ایم آر اور اڈانی گروپ نے ان تمام چھ ائیر پورٹس کے لئے بولی لگائی تھی ‘ سب سے اونچی بولی لگانے والے کانام 28فبروری کے روز جاری کیاجائے گا۔

ائیرپورٹس کو خانگیانہ کرنے کا یہ دوسرا مرحلہ تھا جبکہ کئی سال قبل پہلے مرحلے میں دہلی او رممبئی کے ائیرپورٹس کو خانگی میدان کے بڑے کھلاڑیوں جی ایم آر او رجی وی کے کے سپرد کیاگیاتھا۔ اہم بولی لگانے والوں کے ذریعہ اے اے ائی اب مالیہ جمع کرنے کے لئے ایک نئے ماڈل کااستعمال کررہا ہے.