پٹرول 2.43 اور ڈیزل 3.60 روپئے فی لیٹر سستا

نئی دہلی /31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پٹرول کی قیمت میں 2.43 اور ڈیزل کی قیمت میں 3.60 روپئے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ اس کمی پر آج رات 12 بجے سے عمل آوری ہوگی۔ یکم جولائی کو پٹرول31 پیسے اور ڈیزل 71 پیسے فی لیٹر سستا ہو گیا تھا۔ 16 جولائی کو نظرثانی کی گئی۔ بین الاقوامی تیل منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ اور روپئے اور امریکی ڈالر کی شرح تبادلہ کی بنیاد پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا 15 دن میں ایک بار تعین کیا جاتا ہے۔ چنانچہ ان دونوں عناصر پر گہری نظر رکھی جائے گی۔ قیمتوں کی آئندہ تبدیلی سے ان کی عکاسی ہوگی۔

 

پٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس ‘حکومت کو 75,441 کروڑ کی آمدنی
نئی دہلی ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمنٹ کو آج مطلع کیا گیا کہ 2014-15ء کے دوران پٹرول اور ڈیزل پر عائد ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی آمدنی میں 75,441 کروڑ روپئے تک اضافہ ہوا ہے۔ 2012-13ء کے مقابلہ 60 فیصد زائد آمدنی ہوئی ہے۔ مملکتی وزیرفینانس جینت سنہا نے لوک سبھا میں تحریری جواب میں بتایا کہ 2012-13 کے دوران پٹرول اور ڈیزل پر عائد ٹیکسوں سے 46,926 کروڑ روپئے، 2013-14 میں 50,222کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی۔ ٹیکسوں میں کسٹمس اور سنٹرل اکسائز شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں پر ایسا کوئی فائدہ نہیں دیا گیا کیونکہ 2010ء سے پٹرول کی قیمتوں اور 2014ء سے ڈیزل کی قیمتوں پر سے سرکاری کنٹرول ہٹا لیا گیا تھا۔ چنانچہ 26 جون 2010ء سے پٹرول کی قیمت مارکٹ کے مطابق مقرر کی جارہی ہے ۔