پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں زائد از 3 روپئے فی لیٹر اضافہ

نئی دہلی ، 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ترتیب وار زائد از تین روپئے کا اضافہ کردیا گیا، جس پر آج نصف شب سے عمل آوری شروع ہورہی ہے۔ پٹرول کی قیمت میں 3.18 روپئے فی لیٹر اور ڈیزل کیلئے 3.09 روپئے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ قیمتیں ہر ریاست میں متعلقہ ٹیکس کے اعتبار سے کچھ مختلف ہوں گی۔وزیر فینانس ارون جیٹلی نے پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی میں ردوبدل کیا ہے تاکہ سڑکوں اور شاہراہوں کی ترقی کے لئے اضافی 40 ہزار کروڑ روپئے کی رقم حاصل کی جاسکے۔ پٹرول پر اس وقت 17.46 روپئے فی لیٹر ایکسائز ڈیوٹی بشمول 2 روپئے فی لیٹر روڈ سیس حاصل کئے جاتے ہیں اسی طرح ڈیزل پر 10.26 روپئے فی لیٹر ایکسائز ڈیوٹی بشمول 2 روپئے فی لیٹر روڈ سیس حکومت کو حاصل ہوتا ہے۔ پٹرول پر بنیادی سنٹرل ایکسائز کی جملہ ڈیوٹیز 8.95 روپئے فی لیٹر اور ڈیزل پر 7.96 روپئے فی لیٹر ہے جنہیں اب تبدیل کیا گیا ہے۔