پولیس اور مجرم کے درمیان انکاؤنٹر‘ آٹھ سالہ لڑکا ہلاک

متھورا:۔ اترپردیش کے موہن پور علاقہ میں پولیس اور ایک عادی سارق کے درمیان جاری انکاؤنٹر میں بد قسمتی سے ایک آٹھ سالہ لڑکا ہلاک ہوگیا۔اس لڑکے کی شناخت مادھو نام سے ہوئی۔

اور وہ نرسری جماعت کا طالب علم ہے۔ذرائع کے مطابق موہن پور کے ایک کھیت میں جہاں سارق چھپا ہوا تھاپولیس اسے ڈھونڈتے ہوئے وہاں پہنچی۔سارق وہاں سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس تعاقب کرتے ہوئے اس پر گولیاں چلانا شروع کردی لیکن بد قسمتی سے وہاں کھیل رہے معصوم مادھو کو غلطی سے گولی لگ گئی۔اس لڑکے کی موت کی خبر گاؤں میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔اسے فوری ایک اسپتال لے جا یا گیا۔

جہاں پر اس نے گولی کے زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑدیا۔گھر والوں پر غم کے پہاڑ ٹوٹ پڑے۔مادھو کے رشتہ داروں نے پولیس پر غیر ذمہ دارانہ رویے کا الزام لگا یا۔سینئر سپرینڈینٹ آف پولیس سوپنیل ممگائی نے اس معاملہ کی تحقیقات کا آغاز کردیاہے۔

انہوں نے کہا کہ اس غم اور المناک موقع پہ ہم ان کے ساتھ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے۔اس معاملہ کی تحقیقات ڈپٹی سینئر سپرینڈینٹ آف پولیس سے کروائی جارہی ہے۔

اس معاملہ کی ہر زاویہ سے تحقیقات کی جارہی ہے۔پولیس کی طرف سے کوئی لاپرواہی اور غفلت پائی گئی تو ان کے خلاف قانونی کی جائیگی۔نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے دواخانہ بھیج دیاگیاہے۔انہوں نے مزید کہا کہ متوفی کے گھر والوں کو معاوضہ دلانے کا تیقن دیا ہے۔پولیس مزید تحقیقات میں مصروف ہیں۔