پنکھوں کی صفائی مشکل کام نہیں…!

گھر کی صفائی کے ساتھ پنکھوں کی صفائی بھی اہمیت کی حامل ہے۔ ایسا ہرگز نہیں ہونا چاہئے کہ جب تک ان پر جالے لٹکے نظر نہ آئیں آپ ان کی صفائی نہ کریں۔ ہمارے پاس پنکھوں کا استعمال تقریباً پورا سال ہی کیا جاتا ہے۔ ان کی ہفتہ وار صفائی سے ان کی عمر اور کارکردگی میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ اس لئے آپ پنکھے کی صفائی کو بوجھ نہ سمجھیں۔

حالانکہ ان کی صفائی اس قدر مشکل کام نہیں ہے جتنا کہ اسے سمجھا جاتا ہے۔ آپ کو پنکھوں کی صفائی کیلئے جو چیزیں درکار ہیں ان میں ایک عدد سیڑھی، صفائی کیلئے کپڑا، اسپرے، جس میں سرف ملا پانی موجود ہو، اگر پنکھے اے سی کے قریب لگائے گئے ہیں تو پھر بہت جلدی میلے ہوسکتے ہیں۔ اگر آپ پنکھے کے پروں کے نیچے مٹی کی جمی ہوئی تہہ دیکھیں تو سمجھ لیں کہ یہی بہتر وقت ہے کہ اب پنکھوں کی صفائی کرلی جائے۔ ورنہ پنکھے کی کارکردگی متاثر ہوسکتی ہے۔ صفائی سے قبل اس بات کا یقین کرلیں کہ سوئچ آف ہو، پنکھوں کی صفائی میں سیڑھی سب سے اہم ہے۔ اگر آپ کے پاس سیڑھی نہیں ہے تو پھر بھی صفائی کا پروگرام ملتوی نہ کریں بلکہ اونچا اسٹول یا کرسی بھی اس کام کیلئے استعمال کرسکتے ہیں۔ صفائی کیلئے تولیے کا صاف ٹکڑا یا پیپر ٹاول استعمال کریں۔ اگر گھر میں پرانی ٹی شرٹ موجود ہو تو اسے بھی کام میں لایا جاسکتا ہے ۔