پنجاب پولیس ا سٹیشن پر حملہ، چار افراد ہلاک

ریاست پنجاب کے ضلع گرداس پور میں نامعلوم افراد نے پہلے بس اور پھر پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا ہے جس میں اب تک کم از کم چار ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔گرداس پور کے ضلع کمشنر ڈاکٹر ابھینو تركھا نے بتایا کہ حملے میں کئی افراد زخمی ہیں جن کی تعداد کے بارے میں ابھی کچھ بھی نہیں کہا جا سكتا ہے۔ حملہ آور دينانگر تھانے میں موجود ہیں اور آپریشن جاری ہے۔سینيئر پولیس اہلکار دیناکر گپتا نے بتایا کہ حملہ آور مبینہ طور پر کشمیر کے ہیں۔پولیس کے ایک مقامی ترجمان کے مطابق مرنے والوں میں کم ازکم ایک پولیس افسر شامل ہے۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے بارڈر سکیورٹی فورسز کے ڈائریکٹر جنرل ڈی کے پاٹھک سے بات کی ہے اور پاکستان کی سرحد پر سکیورٹی میں اضافے کی ہدایات دیں۔وزیر داخلہ کے مطابق سکیورٹی فورسز جائے وقوع کے لیے روانہ کی گئی ہیں۔انھوں نے ٹویٹ کیا: ’میں نے اس بارے میں قومی سلامتی کے مشیر سے بھی بات کی ہے۔‘راج ناتھ سنگھ نے ٹویٹ کیاکہ : ’پنجاب کے وزیر اعلیٰ پرکاش سنگھ بادل سے بات کی جنھوں نے گرداس پور کے حالات کے بارے میں بتایا۔‘راج ناتھ سنگھ نے کہا: ’وزارتِ داخلہ گرداس پور کے حالات پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ مجھے یقین ہے کہ جلد ہی حالات پر قابو پا لیا جائے گا۔‘ابتدائی معلومات کے مطابق بندوق برداروں نے پہلے ایک بس پر حملہ کیا اس کے بعد وہ نزدیک کے دينانگر پولیس اسٹیشن میں داخل ہو گئے۔آل انڈیا ریڈیو کا کہنا ہے کہ ’دينانگر پولیس سٹیشن پر چار یا پانچ بندوق برداروں نے حملہ کیا ہے اور اس حملے میں سات پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔‘حملہ آور سفید ماروتی کار میں آئے تھے جسے انھوں نے کسی سے زبردستی حاصل کیا تھا۔