پلوامہ میں مسلح تصادم ‘2 ہلاک‘ احتجاجیوں اور فوج کی جھڑپیں

جنوبی کشمیر میں تلاشی مہم ‘ مظاہرین کو منتشر کرنے ہوائی فائرنگ ‘ ریاست جموں و کشمیر میں دوبارہ کشیدگی
سری نگر، 30جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ٹہاب میں اتوار کی صبح جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والے ایک مسلح تصادم میں حزب المجاہدین سے وابستہ دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے ۔ جنگجوؤں کی ہلاکت کے بعد علاقہ میں احتجاجی مظاہرین اور فوج کے مابین شدید جھڑپیں ہوئیں جن میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ان اطلاعات کے مطابق ایک احتجاجی نوجوان گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا ہے ۔انتظامیہ نے پورے ضلع پلوامہ میں انٹرنیٹ خدمات احتیاطی اقدام کے طور پر منقطع کردی ہے ۔ وزارت دفاع کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے یو این آئی کو جھڑپ کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع پلوامہ کے ٹہاب میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج اور جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) نے گزشتہ رات مذکورہ علاقہ میں تلاشی مہم شروع کی تھی۔انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران علاقہ میں موجود جنگجوؤں نے فوج کا محاصرہ توڑنے کی کوشش کی۔ ترجمان نے بتایا ‘ ایک رہائشی مکان میں موجود جنگجوؤں نے محاصرہ توڑنے کے لئے فوج پر فائرنگ کی۔ تاہم فوج نے جوابی فائرنگ کرتے ہوئے دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا’۔

مسلح تصادم کے مقام سے کچھ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے ۔ ایک رپورٹ کے مطابق مارے گئے جنگجوؤں کی شناخت شارق احمد ساکن گلزار پورہ پلوامہ اور شوکت عرف شبیر ساکن مہند بجبہاڑہ کے بطور کی گئی ہے ۔ مذکورہ رپورٹ کے مطابق دنوں جنگجوؤں کا تعلق جنگجو تنظیم حزب المجاہدین سے تھا۔ دریں اثنا مسلح تصادم کے مقام پر احتجاجی مظاہرین اور فوجکے مابین جھڑپیں ہوئی ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ٹہاب میں دو جنگجوؤں کی ہلاکت کی خبر پھیلنے کے بعد نزدیکی دیہات سے لوگوں نے ٹہاب کا رخ کیا۔ تاہم جب احتجاجی لوگوں نے اس جگہ کی جانب جانے کی کوشش کی جہاں دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا تھا، تو فوج نے ان کا راستہ روکتے ہوئے آنسو گیس کے گولے داغے ۔ اطلاعات کے مطابق فوجکی کاروائی سے احتجاجی لوگ مشتعل ہوئے اور فوجپر پتھراؤ کرنے لگے ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق فوج نے احتجاجیوں کو منتشر کرنے کے لئے بعدازاں آنسو گیس، چھرے والی بندوقوں اور مبینہ طور پر بندوقوں کی گولیوں کا استعمال کیا۔ ایک احتجاجی نوجوان کے گولی لگنے سے شدید طور پر زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔ مذکورہ نوجوان کو تشویشناک حالت میں سری نگر منتقل کیا گیا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پورے ضلع پلوامہ میں انٹرنیٹ خدمات احتیاطی اقدام کے طور پر منقطع کردی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا ‘انٹرنیٹ خدمات کی معطلی کا اقدام کسی بھی طرح کی افواہوں کو پھیلنے سے روکنے کے لئے احتیاطی اقدام کے طور پر اٹھایا گیا ہے ‘۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں کی ہلاکت کے خلاف ضلع پلوامہ کے مختلف حصوں میں اتوار کو مکمل ہڑتال کی گئی۔