پرپل ٹی

گرین ٹی (چائے ) کے بارے میں سب ہی جانتے ہیں اور اکثر خواتین وزن کم کرنے کے لئے دن میں کئی بار گرین ٹی پیتی بھی ہیں ، لیکن اب ہم آپ کو بتارہے ہیں کہ گرین ٹی کا زمانہ ہوگیا پرانا ، اب بات ہوگی تو صرف ’’پرپل ٹی‘‘ کی اور آپ بجائے گرین ٹی پینے کے ، مستقبل میں پرپل ٹی پیتی دکھائی دیں گی ۔ پرپل ٹی اس وقت صرف کینیا ہی میں پائی جاتی ہے جس کا ذائقہ قدرے میٹھا اور خوشبو ہلکی ہوتی ہے ۔ اب ذہن میں سوال یہ تو آہی رہاہوگا کہ آخر پرپل ٹی کی خاصیت کیا ہے ؟  تو آپ یہ جان لیں یہ صحت کے لئے نہایت مفید ہے ۔ رنگ دیکھنے میں بھی اچھا لگنے کے ساتھ ساتھ اس میں ’’اینتھو سائنن‘‘ “Anthocyanin” نامی ایک صحت مند جز پایا جاتا ہے ، جو دل کی بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے ۔ انڈیا کے نوکلائی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈاکٹر بارواہ کے مطابق پرپل ٹی میں بھاری مقدار میں اینٹی اوکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں ، جو نا صرف کینسر اور کولیسٹرول کو بڑھنے سے روکنے میں مددگار ہوتے ہیں ، بلکہ خون میں موجود شوگر کی سطح کو بھی نارمل رکھنے میں اہم کردار نبھاتے ہیں۔ اس چائے میں کیفین کی مقدار کم ہوتی ہے اور دیگر عام چائے میں کیفین کی نسبت اس کا ذائقہ زیادہ بہتر ہوتا ہے ۔ فی الحال یہ نادر چائے کینیا میں پائی جاتی ہے لیکن انڈیا کے شہر آسام میں پرپل ٹی کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کو دیکھ کر لگتا ہے کہ ہندوستان بھی جلداس پرپل ٹی کو ایکسپورٹ کرنے کے قابل ہوجائے گا ۔ ہوسکتا ہے کہ جلد ہی اب آپ کے ناشتے کی ٹیبل پر بھی پرپل ٹی دیکھنے کو مل جائے ۔