پرندوں کے پروں کا گوشت کھانے سے اجتناب کریں

واشنگٹن ۔ 5 مارچ ۔ (سیاست ڈاٹ کام )مرغی کا گوشت کھانے والے ہوشیار باش ! جس طرح Leg Piece اور دیگر حصوں کو مزے لے لے کر کھایا جاتا ہے ، ایک نئی تحقیق کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ مرغی اور دیگر قابل استعمال و حلال پرندوں کے پروں کے حصہ کو ( جسے ہم مقامی زبان میں پکھوٹے کہتے ہیں ) کھانا صحت کے لئے اُتنا ہی مضر ہے جتنا کہ سگریٹ نوشی ۔ یونیورسٹی آف ساؤتھرن کیلیفورنیا کے کم و بیش 50 سال کے 6318 افراد کے کھانے کی عادتوں اور ترجیحات کا مشاہدہ کیا جس کے بعد پتہ چلا کہ ان میں پروٹین والی غذا کے مداح افراد بغیر کسی ٹھوس وجہ کے فوت ہوجانے کے امکانات اُن افراد کے مقابل 74 فیصد زیادہ ہوتے ہیں جو پروٹین والی غذا کا استعمال نہیں کرتے ۔ محققین نے یہ بھی بتایا کہ ایسے افراد کے ذیابیطس میں مبتلا ہوکر فوت ہوجانے کے اندیشے بھی موجود ہوتے ہیں۔ تحقیق میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ زائد پروٹین والی غذا کا استعمال اُن افراد کیلئے نقصاندہ ہے جو اپنی عمر کے وسطی حصے میں ہیںیا جنھیں ہم ادھیڑ عمر کا کہہ سکتے ہیں لیکن دوسری طرف ایسے افراد جن کی عمریں 65 سال سے تجاوز کرچکی ہیں لیکن جو پروٹین والی غذا اعتدال کے ساتھ استعمال کرتے ہیں ، انھیں کسی بھی بیماری میں مبتلا ہونے کا کوئی اندیشہ نہیں ہوتا ۔ عمر کے وسطی حصہ میں کم پروٹین والی غذا کا استعمال مانع کینسر بھی ہے ۔ تحقیق کرنے والے ایک معاون محقق ایلین کریمینس نے یہ بات بتائی ۔