پرانے شہر میں بونال تہوار ‘ آج مرکزی جلوس ‘ آر اے ایف کا فلیگ مارچ

حیدرآباد ۔ /31 جولائی (سیاست نیوز)  پرانے شہر میں دو روزہ بونال تہوار کا آج آغاز ہوا جس کے پیش نظر ساؤتھ زون پولیس نے نیم فوجی دستوں کے ساتھ کئی علاقوں میں فلیگ مارچ کیا ۔ 3000 پولیس ملازمین پر مشتمل پولیس عملہ ڈیوٹی پر متعین کیا گیا ہے ۔ ایڈیشنل کمشنر آف پولیس کرائمس اینڈ ایس آئی ٹی شریمتی سواتی لکرا کی نگرانی میں بونال تہوار کے سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں اور ریاپڈ ایکشن فورس کی دو کمپنیوں کو پرانے شہر کے حساس علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے ۔ اکنا مادنا مندر سے تاریخی مرکزی بونال جلوس کا کل شام 4 بجے آغاز ہوگا اور جلوس پرانے شہر کے کئی علاقوں سے گزرتا ہوا نیا پل پر اختتام ہوگا ۔ پولیس نے مرکزی بونال جلوس نکالے جانے کے پیش نظر 300 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے ہیں اور جلوس کے راستے کو کمشنر آفس میں قائم کئے گئے کمانڈکنٹرول سنٹر سے نظر رکھی جائے گی ۔  بونال تہوار میں خواتین کی جانب سے کثیر تعداد میں شرکت کرنے کے نتیجہ میں پولیس نے 20 شی ٹیمس کو بھی متعین کیا ہے اور خواتین سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف بروقت کارروائی کی جائے گی ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائینا کی زیرنگرانی آج پرانے شہر میں فلیگ مارچ کیا گیا جس میں مسلح پولیس فورس نے حساس علاقوں میں گشت کی ۔