پبلک سرویس کمیشن امتحان میں ہائی ٹیک نقل نویسی

آئی پی ایس عہدیدار کی بیوی گرفتار ، لاء ایکسلنس آئی اے ایس انسٹی ٹیوٹ پر دھاوا
حیدرآباد ۔ /31 اکٹوبر ۔ (سیاست نیوز) یو پی ایس سی امتحانات میں نقل نویسی کے ذریعہ امتحانات لکھنے کے الزام میں گرفتار ٹاملناڈو کے ایک آئی پی ایس عہدیدار سفیر کریم کی بیوی جویسی کو آج چینائی پولیس کی خصوصی ٹیم نے شہر سے گرفتار کرکے اسے ٹرانزٹ وارنٹ پر ٹاملناڈو منتقل کردیا ۔ ٹاسک فورس اور چینائی پولیس کے مشترکہ آپریشن میں اشوک نگر چوراہے پر واقع لا ایکسلینس آئی اے ایس ۔ انسٹی ٹیوٹ فار سیول سرویسیس پر دھاوا کرتے ہوئے وہاں سے انسٹی ٹیوٹ کی ڈائرکٹر پی رام بابو کو گرفتار کرلیا جبکہ آئی پی ایس عہدیدار کی بیوی کو بھی حراست میں لے لیا گیا ۔ دونوں کو پولیس نے آج یہاں کی مقامی عدالت میں پیش کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کیرالا سے تعلق رکھنے والے سفیر کریم نے سابق میں یو پی ایس سی امتحان میں کامیاب ہونے کے بعد انڈین پولیس سرویس میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن وہ انڈین اڈمنسٹریٹیو سرویس میں شمولیت کی خواہش رکھتے تھے جس کے نتیجہ میں ہائی ٹیک نقل نویسی میں ملوث ہوتے ہوئے دوبارہ یو پی ایس سی کا امتحان لکھا جس میں ان کی بیوی نے ان کی مدد کی ۔ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ سنٹرل انٹلیجنس بیورو نے (آئی بی) نے سفیر کریم آئی پی ایس کی اس حرکت کی اطلاع ملنے پر ان پر کڑی نظر رکھی گئی تھی اور بعد ازاں انہیں رنگے ہاتھوں پکڑلیا گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ بلوٹوتھ کے ذریعہ کریم 5 پرچے لکھے اور جس میں ان کی بیوی جویسی نے حیدرآباد کے لا ایکسلینس انسٹی ٹیوٹ سے پرچہ سوالات کے جوابات فی الفور فراہم کئے ۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سفیر کریم کو چینائی پولیس نے کل گرفتار کرلیا تھا ۔