’ پاکستان میں پٹرول یہاں سے سستا ہے ‘

ادھو ٹھاکرے کا ریمارک ، جی ایس ٹی ، نوٹ بندی اور مودی کی دیگر پالیسیوں پر شدید تنقید

ممبئی ۔ 30 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام): شیوسینا صدر ادھو ٹھاکرے نے بی جے پی پر شدید تنقید کرتے ہوئے حلیف جماعت پر زور دیا کہ وہ حب الوطنی کی تعلیم نہ دے اور نوٹ بندی سے لے کر گاؤ دہشت گردی جیسے مختلف موضوعات پر سخت نکتہ چینی کی ۔ ادھو نے وسطی ممبئی میں شیواجی پارک پر دسہرہ ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں حب الوطنی کا سبق نہ سکھائیں ۔ ابھی وہ دن نہیں آیا کہ ہم حب الوطنی کا سبق کسی اور سے سکھیں ‘ ۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی کو شخصی تنقیدوں کا نشانہ نہ بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی ابتر صورتحال کے لیے انفرادی طور پر وزیراعظم کو نشانہ بنانا ٹھیک نہیں ۔ اس کے برعکس پارٹی مزید احتجاجی مظاہرے منظم کرے گی ۔ گذشتہ سال نوٹ بندی کے فیصلہ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایسا ماحول تیار کیا گیا کہ نوٹ بندی کی تائید کرنے والے محب وطن ہیں اور جو اس اقدام کی مخالفت کررہے ہیں وہ غدار ہیں ۔ انہوں نے سوال کیا کہ طویل قطاروں میں کھڑے جن لوگوں کی موت واقع ہوئی وہ کون تھے ؟ انہوں نے بی جے پی کی جموں و کشمیر میں پی ڈی پی کے ساتھ اقتدار میں شراکت کے تعلق سے بھی سوالات اٹھائے اور کہا کہ آخر وہ کیا نظریاتی تعلق ہے جس کی بنیاد پر یہ اتحاد کیا گیا ۔ جموں و کشمیر کو دیا گیا خصوصی موقف منسوخ کیوں نہیں کیا جارہا ہے ؟ انہوں نے کہا کہ ہم نے بی جے پی کے ساتھ ان حالات میں اتحاد کیا جب لفظ ’ ہندوتوا ‘ کو نا پسند کیا جاتا تھا ۔ اگر بی جے پی سمجھتی ہے کہ ہماری ضرورت نہیں رہی پھر ہم آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کسی بھی مسئلہ پر مستقل مزاجی نہیں رکھتی ۔ وہ بیف پر امتناع کی تائید کرتی ہے لیکن چیف منسٹر گوا منوہر پاریکر اور مرکزی وزیر ( کیرالا ) کے جئے الفونس نے پارٹی کے برعکس موقف اختیار کیا ۔ نریندر مودی کے بلٹ ٹرین پراجکٹ کا تذکرہ کرتے ہوئے ادھو نے کہا کہ کون بلٹ ٹرین چاہتا ہے ؟ پہلے ریل انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جی ایس ٹی کے ذریعہ یکساں ٹیکس نظام کی بات کرتی ہے جب کہ یکسانیت کہیں دکھائی نہیں دیتی ۔ یہاں تک کہ پاکستان میں پٹرول ہندوستان سے سستا ہے ۔۔