پاکستان میں مسعود اظہر کے بھائی بشمول 44 گرفتار

اسلام آباد ، 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج ممنوعہ تنظیموں کے 44 ارکان بشمول سربراہ جیش محمد مسعود اظہر کے بھائی کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کی سرزمین سے سرگرم دہشت گرد گروپوں کو قابو میں کرنے اور ان کی فینانسنگ کے سدباب کیلئے عالمی برادری سے دباؤ بڑھتا جارہا ہے۔ مملکتی وزیر داخلہ شہریار خان آفریدی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مفتی عبدالرؤف برادر اظہر، اور حماس اظہر سخت کارروائی کے دوران گرفتار شدگان میں شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے ہندوستان کی طرف سے پاکستان کو دیئے گئے تفصیلی مواد میں بھی مفتی عبدالرؤف اور حماد اظہر کے نام شامل ہیں۔ تاہم، انھوں نے کہا کہ یہ کارروائی کوئی دباؤ کے سبب نہیں کی گئی۔ انھوں نے بتایا کہ کارروائی تمام ممنوعہ تنظیموں کے خلاف کی جائے گی۔ یہ اقدام ایک روز بعد کیا گیا جبکہ پاکستان نے پیر کو ایک قانون نافذ کرتے ہوئے مختلف افراد اور تنظیموں کے خلاف اقوام متحدہ کی تحدیدات پر عمل آوری کیلئے طریقہ کار کو سہل بنایا۔ اس حکمنامہ کی توضیح کرتے ہوئے دفتر خارجہ ترجمان محمد فیصل نے کہا کہ اس مطلب ہے کہ حکومت نے ملک میں سرگرم تمام ممنوعہ تنظیموں کے اثاثوں اور جائیدادوں پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔