پاکستان میں عید کی خریداری کے دوران دھماکے ، 42 افراد ہلاک

پشاور ۔ 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سرکاری ذرائع کے مطابق وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقے کرم ایجنسی کے ہیڈکوارٹر پاڑہ چنار میں دو دھماکوں میں کم از کم 42 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔سرکاری ٹی وی کے مطابق دھماکے جمعے کی شام پاڑہ چنار میں کڑمان اڈہ کے قریب ہوئے۔دھماکوں کے وقت لوگ خریداری میں مصروف تھے۔پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کو ایجنسی ہیڈکوارٹر ہسپتال میں منتقل کیا گیا ہے جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی جانب سے ان دھماکوں کی مذمت کی گئی ہے اور ان ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی لواحقین کے ساتھ دکھ کا اظہار کیا ہے۔ادھر ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ دہشتگردی کے حالیہ واقعات کا تعلق سرحد پار دہشتگردوں کی پناہ گاہوں سے ہے۔