پاکستان میں دو خودکش دھماکے، 7 ہلاک

پشاور۔15 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے شورش زدہ شمال مغربی علاقہ میں دو مختلف حملوں میں کم سے کم سات افراد ہلاک اور بشمول ججس دیگر کئی افراد زخمی ہوگئے۔ ان حملوں سے دو دن قبل لاہور کے ایک ہال پر ہوئے دہشت گرد حملوں میں 13افراد فوت ہوگئے تھے۔ ہمند قبائیلی علاقہ کے ایک سرکاری احاطہ پر طالئبان کے دو خودکش بمباروں نے پہلا حملہ کیا جس میں بشمول چار سکیوریٹی اہلکار چھ افراد ہلاک ہوگئے۔ انٹرسرویس پبلک پریلیشنس نے کہا کہ گھلانائی کے ہیڈکوارٹرز میں اس وقت دھماکہ ہوا جب وہاں تعینات سکیوریٹی اہلکاروں نے کالونی میں داخل ہونے کی کوشش میں ملوث دو مشتبہ افراد کو روکنے کی ہدایت کی تاہم طالبان کے ان بمباروں نے خود کو دھماکہ سے اڑالیا۔ دوسرے حملہ میں ایک گاڑی کا ڈرائیور ہلاک اور بشمول تین خواتین چار ججس زخمی ہوگئے۔